علم اور تعلیم و تربیت کو اپنا کلچر بنائیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 29 مئی 2023ء

منہاج القرآن کی تنظیمات کے لئے رواں سال 5 ہزار مراکز علم قائم کرنے کا ہدف
اخلاقی قدروں سے محروم معاشرے مردہ ہوتے ہیں،مجلس شوریٰ سے خطاب

Minhaj ul Quran Majlis e Shura meeting 2023

لاہور (29مئی 2023ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی مجلس شوریٰ و مجلس نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم اور تعلیم و تربیت کو اپنا کلچر بنائیں، اخلاقی قدروں سے محروم معاشرے زندہ نہیں مردہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے ملک بھر کی تنظیمات کو رواں سال 5 ہزار مراکز علم قائم کرنے کی ہدایت کی، یاد رہے منہاج القرآن نے 5 سال میں 25 ہزار مراکز علم قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، شوریٰ کے اجلاس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظمین اعلیٰ اور ممبران مجلس شوریٰ نے شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے سے اخلاقی قدریں ختم ہو جائیں وہ زندوں کا معاشرہ نہیں رہتا۔ انسانوں میں انسانیت اور آدمیوں میں آدمیت کی موت واقع ہوگئی ہے۔ ہمارا معاشرہ مُردوں سے بھی بدتر ہوگیا ہے، علم اور تربیت کے کلچر کے بحال ہونے سے اخلاقی قدریں بحال ہوں گی۔ مُردہ معاشرے کے اندر زندگی پیدا کرنے سے بڑا کوئی انقلاب نہیں۔ علم نہ صرف ہماری ضرورت ہے بلکہ پورے معاشرے، ملک اور قوم کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے ممبران نے آن لائن شرکت کی۔ شیخ الاسلام نے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں تنطیمات و فورمز کی تنظیمی رپورٹس اور کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری کے اس دور میں منہاج القرآن کے کارکنان اپنا مثبت قومی، دینی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور اس کے عوام کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top