محرم الحرام میں علمائے کرام اتحاد امت وبین المسالک ہم آہنگی کا پیغام دیں: خرم نواز گنڈاپور

واقعہ کربلا مظلوموں کو جرات اظہار عطا کرتا ہے: علامہ رانا محمد ادریس
تحریک منہاج القرآن محرم الحرام میں ”پیغام امام حسینؑ“ کانفرنسز کا انعقاد کرے گی
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس کی ضلعی صدر میاں عبد القادر کو مبارکباد
منہاج القرآن ضلع فیصل آباد کے مشاورتی اجلاس سے رہنماؤں کا خطاب

Tanzami ijlas Minhaj ul quran

لاہور (19جولائی2023) تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کی تقریبات، پیغام امام حسین کانفرنسز، مراکز علم کے قیام اور ضلع فیصل آباد کی تنظیم نو سمیت دیگر امور کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ رانا محمد ادریس، سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فرحان عزیز، سیکرٹری کوآرڈینیشن قاری ریاست علی چدھڑ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی صدر میاں عبد القادر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے بطور صدر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویثرن کو فیصل آباد کی ہر یونین کونسل تک پہنچایا۔ میاں عبد القادراور انکی پوری ٹیم کو فیصل آباد میں تنظیم کواحسن، منظم اور بہترین انداز میں دو سالہ سیشن مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

خرم نواز گنڈاپورنے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دین مبین کے احیاء اور تجدید کی تحریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام فیصل آباد سمیت ملک پاکستان کے ہر فرد تک پہنچایا جائے گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام محراب ومنبر سے اتحاد امت، یکجہتی، رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے ملک بھر کی صوبائی، ضلعی و تحصیلی تنظیمات کو ہدایات دیں کہ وہ محرم الحرام میں پیغام حضرت امام حسینؑ کانفرنسز کا انعقاد کریں۔ اس محترم و مقدس مہینے کو شان عظمت اہل بیت کے طور پر منائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلی علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ فیصل آباد تنظیم کی کاکردگی انتہائی شاندار رہی، میاں عبد القادر سمیت جملہ عہدیداران کو کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام کے محترم کا آغاز ہو چکا ہے، علمائے کرام اس مہینہ میں محبت اور رواداری کے پیغام کو فروغ دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں۔ واقعہ کربلا کمزوروں کو حوصلہ اور مظلوموں کو جرات عطا کرتا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام نے وہ عظیم قربانی دی جس کی مثال قیامت تک ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یزیدیت، بدبختی، ظلم، استحصال، تفرقہ پروری اور قتل و غارت گاری کا استعارہ ہے اور حسینیت عدل، امن، وفا، تحفظ دین مصطفی ﷺ کی علامت ہے۔

اجلاس میں میاں عبد القادر، رانا غضنفر علی، میاں کاشف محمود، سید شفاعت رسول، رانا رب نواز، آصف عزیز، علامہ عزیز الحسن، سہیل شوکت، نعلین مصطفی، شہراز ستار، محمد طلحہ سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top