منہاج القرآن علماء کونسل اتحاد بین المسلمین کی توانا آواز ہے: علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی

منہاج القرآن علماء کونسل کے یوم تاسیس پر تقریب اتحاد امت کیلئے جدوجہد تیز کرنے کا عزم

لاہور (10اکتوبر 2023) منہاج القرآن علما کونسل کے 36ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی۔ مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔

علمائے کرام نے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اتحاد امت کے فروغ، سیرت النبی ﷺ کی ترویج و اشاعت اور بین المذاہب رواداری کیلئے منہاج القرآن علما کونسل کی بنیاد رکھی۔ الحمد اللہ منہاج علما کونسل نے ان اہداف کے حصول کیلئے دن رات محنت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے علمائے کرام کاکردار ہمیشہ لائق تحسین رہا ہے۔ علامہ اشفاق چشتی نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے علما سے مل کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ تمام مکاتب فکر کے علما کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

نائب ناظم اعلیٰ علما کونسل علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر نے کہا کہ علمائے کرام کا بنیادی فریضہ یہی ہے کہ وہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ہر دور میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنا علما کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رواداری، بھائی چارے اور محبت کے درس کو عام کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جائے۔

مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ اشفاق علی چشتی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک علمی و فکری تحریک ہے جوشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں پوری دنیا میں امن، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور اور علامہ امداد اللہ قادری نے اپنے مبارکبا دی پیغام میں کہا ہے کہ منہاج القرآن علما کونسل اتحاد امت کے فروغ کی سب سے توانا آواز ہے۔

تقریب میں علامہ ڈاکٹر محمد حسین آزاد، علامہ حافظ محمد خلیل قادری، علامہ ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، مفتی رفیق رندھاوا، علامہ خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top