منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ‘‘ کانفرنس

خلیفہ اول کو شان صحابیت و صدیقیت قرآن نے عطا کی: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
کانفرنس سے خرم نواز گنڈا پور، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مفتی زبیر فہیم، علامہ شہزاد مجددی کا خطاب

Azmat e Siddique Conference On Monthly gosha e durood Mehfil

لاہور (7 جنوری 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ شانِ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورۃ توبہ آیت نمبر 40 میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی صحابیت اور صدیقیت پر نص قرآنی وارد ہوئی، یہ فضیلت قرآن کی عطاء کردہ ہے۔

انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولا علی کرم اللہ وجہہ نے ارشاد فرمایا کہ اے باری تعالیٰ ہمیں اسی طرح سیدھی راہ پر رکھ جس طرح توںے خلفائے راشدین کو صالحیت اور سیدھی راہ پر رکھا، سوال ہوا یہ خلفائے راشدین کون ہیں؟ مولا علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور عمر رضی اللہ عنہ اور ساتھ فرمایا یہ اُمت کے شیخ الاسلام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے منکرین زکوۃ، جھوٹے داعیان نبوت اور خارجی فتنوں کا سر کچلا اور اُمت کو فکری واضحیت عطاء کی۔

شانِ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے علمائے کرام کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ منہاج القرآن فی زمانہ عقائد صحیحہ کی ترویج و اشاعت اور بین المسالک ہم آہنگی اور اتحاد امت کی عالمگیر تحریک ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا شمار تاجدارِ کائنات ﷺ کے ان رفقائے کار میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی اسلام پر خرچ کردی۔

اتحاد المدارس العربیہ پاکستان کے صدر علامہ مفتی محمد زبیر فہیم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین تاریخی نہیں بلکہ قرآنی شخصیات ہیں، سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ وہ ہستی ہیں جو کلمہ پڑھنے کے بعد سے لیکر آخری سانس تک خدمتِ رسولؐ اور خدمت اسلام میں رہے۔

علامہ شہزاد مجددی سیفی سربراہ دارالاخلاص لاہور نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ وہ ہستی ہیں جنہوں نے صاحبِ قرآن کے سینے سے قرآن لیا اور یہ ہستیاں کتابوں اور عبارات سے سمجھ میں آنے والی نہیں ہیں۔ انہیں ادب اور دل کی نظر سے دیکھنا ہوگا۔

کانفرنس میں ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان و مرکزی نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علماء کونسل ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، مرکزی صدر منہاج علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ اشفاق چشتی، پیر سیدِ آلِ احمد سجادہ نشین آستانہ عالیہ سوہدرہ شریف وزیرآباد، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ ڈاکٹر نورالزمان نوری سمیت علمائے کرام اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ماہانہ مجلسِ ختم الصلوۃ علی النبیﷺ کا ختم بھی ہوا اور درود و سلام کا ہدیہ پیش کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top