نظام المدارس نے فول پروف امتحانی نظام متعارف کروایا: ڈاکٹر حسن قادری

تیسرے یوم تاسیس پر مبارکباد، مدارس دینیہ کا کردار پرامن پاکستان کے لئے ناگزیر ہے
نظام المدارس پاکستان کو پونے 3سو سال پرانے نصاب تعلیم کو تبدیل کرنے کا اعزاز حاصل ہے

Nizam ul Madras Pakistan 3rd Foundation Day

لاہور (10 فروری 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نظام المدارس پاکستان کے تیسرے یوم تاسیس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ نظام المدارس پاکستان نے مدارس دینیہ کے تعلیمی کلچر کو کئی جہتوں سے انقلابی اقدامات سے ہم آہنگ کیا جن میں پونے 3 سو سال پرانے نصاب تعلیم کو معروضی ضروریات کے مطابق تبدیل کرنا سرفہرست ہے۔ نظام المدارس پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے 3 سال کے مختصر عرصہ میں نہ صرف نیا نصاب مرتب کیا بلکہ اس کی 100 فیصد تنفیذ کو بھی یقینی بنایا اور مدارس دینیہ کے نصاب میں امن، امن بقائے باہمی اور بین المذاہب رواداری کی مصطفوی فکر کو بطور مضمون شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ اسلامی، نظریاتی اساس کے محافظ اور اسلام کے قلعے ہیں، ان کا موثر و فعال تعلیمی وتدریسی کردار مستحکم اور پرامن پاکستان کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصابی و تدریسی سطح پر جن اصلاحات کی ضرورت تھی انہیں بوجوہ نظر انداز کیاجاتا رہا جس کی وجہ سے مدارس دینیہ میں زیر تعلیم ہزار ہا طلباء و طالبات قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل نہیں ہو سکے۔ نظام المدارس پاکستان نے اس خلاء کو پُر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان نے فول پروف امتحانی نظام متعارف کروا کر ایک ایسا سنگ میل عبور کیا ہے جو اب دیگر کے لئے رول ماڈل کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔ مدارس دینیہ کی تاریخ میں پہلی بار سینکڑوں امتحانی مراکز کی بیک وقت آن لائن مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اس کا سہرا نظام المدارس کی محنتی اور پرعزم ٹیم کے سر بندھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مدرسین کے ریفریشر کورسز منعقد کئے جارہے ہیں اور مدرسین کو جدید تدریسی ٹیکنیکس سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ نظام المدارس طلباء و طالبات کو انگریزی، سائنس اور کمپیوٹر کی تعلیم فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کوشاں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں مدارس دینیہ کے طلباء کو تعلیمی اعتبار سے اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں ایک پروفیشنل کی حیثیت سے اپنی دینی، سماجی و معاشرتی ذمہ داریوں کو بااحسن طریقے سے انجام دے سکیں۔انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے پر تمام منتظمین کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top