سائنس قرآن کے بیان کردہ حقائق کی تصدیق کررہی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

نوجوان اللہ کی کتاب قرآن مجید کے ساتھ اپنا مضبوط تعلق قائم کریں
منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں تیسرے روز تحریک منہاج القرآنی کے بانی کا خطاب

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

لاہور(3 اپریل 2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں اپنے خطابات کی سیریز”خدا کو کیوں مانیں اور مذہب کو کیوں اپنائیں؟“ کے موضوع پر اپنے تیسرے خطاب میں کہا ہے کہ سائنس قرآن کے بیان کردہ حقائق کی تصدیق کررہی ہے۔ نوجوان اللہ کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنانے کے لئے اللہ کی کتاب کے ساتھ تعلق کو قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کا ذرہ ذرہ خدا کے وجود کی گواہی دے رہا ہے۔ سائنسدان جب علم الفلکیات، ارضیات، طبیعات، باٹنی، بیالوجی، کاسومولوجی، آسٹرالوجی کا سہارا لے کر سربستہ رازوں پر غور کرتے ہیں تو بے ساختہ پکار اٹھتے ہیں کہ کوئی ایسی طاقت ہے جس نے کائنات کے وجود کو ایک نظم کے ساتھ ترتیب دے رکھا ہے۔ اللہ کے وجود کی نفی کرنے والے بیمار ذہن ہیں۔ نوجوان ذہنی مریضوں کے ملحدانہ افسانوں پر توجہ دینے کی بجائے قرآن سے رشتہ جوڑیں۔

سائنس آج جو نتائج اخذ کررہی ہے یہ سب قرآن مجید میں بیان کئے جا چکے ہیں۔ ارضیاتی سائنس کے ماہر ین حال ہی میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پہاڑ جتنے زمین سے اوپر ہیں اس سے کئی گنا زمین کے نیچے گڑے ہوئے ہیں۔سورۃ النبہ میں باری تعالیٰ نے فرمایا ”کیا ہم نے زمین کو قیام اور کام کاج کی جگہ نہیں بنایا اور کیا پہاڑوں کو اس میں میخوں کی طرح نہیں گاڑ دیا“۔ قرآن نے 14 سو سال قبل بیان کر دیا تھا کہ زمین مسلسل حرکت میں ہے جبکہ 3 صدیاں قبل تک دعویٰ کیا جاتا رہا کہ زمین ساکن ہے۔ 1915ء میں البرٹ آئن سٹائن نے پہلی بار جمود کائنات کے تصور کو رد کیا۔ 1929 میں ایک سائنسدان ایڈون ہبل نے بتایا کائنات حرکت میں بھی ہے اور پھیل بھی رہی ہے جبکہ 14سول قبل سورۃ الذاریات میں اللہ رب العزت نے فرمایا ”یقینا ہم (اس کائنات کو) وسعت اور پھیلاؤ دیتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قرآن نے کائنات کے آغاز کی حقیقت ہی بیان نہیں کی بلکہ اس کے انجام کے بارے میں بھی سب کچھ بتا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوال اور بھی زیادہ حیرت زدہ کر دینے والا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ لکھنا پڑھنا نہیں جانتے تھے، اس کے باوجود انہوں نے کائنات کے وہ راز کیسے بتا دئیے جس کی سائنس بسیار محنت و مشقت کے بعد آج تصدیق کر رہی ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ یہ خدا ہے جس کے قبضہ قدرت میں آسمان و زمین کا ایک ایک ذرہ ہے اور کائنات کا کوئی ذرہ حکم عدولی کا مرتکب نہیں ہوتا، انہوں نے کہاکہ اسی خدا نے اپنے پیغمبر حق کے ذریعے انسانیت کو کائنات کی حقیقت کے بارے میں کھول کھول کر بتا دیا تاکہ انسانیت استحصال اور گمراہی سے بچ سکے اور ایک خدا پر پختہ ایمان لے آئے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن مجید میں بیان کئے گئے سائنسی حقائق کو مختلف ماڈلزا ور چارٹس کے ذریعے واضح کیا۔ شہر اعتکاف میں ہزار رہا معتکفین اور خصوصی طور پر آئے ہوئے وزٹرز نے خطاب سنا اس موقع پر سٹیج پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدانی القادری، خرم نواز گنڈاپور و دیگر قائدین موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top