ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی FMRi کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ محفلِ میلاد میں شرکت اور خطاب

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فریدِ ملّت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (FMRi) میں منعقدہ سالانہ محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ میں بہ طور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب میں آپ نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کو اَخلاقِ حسنہ کا کمال عطا فرمایا گیا۔ آپ ﷺ نے اپنی اُمت کو بھی اخلاقِ عالیہ اختیار کرنے کی ترغیب اور تعلیم دی ہے۔ اُنہوں نے حدیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کو اپنی اُمت میں سب سے زیادہ محبوب وہ لوگ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہیں، جو ایک دوسرے کے ساتھ نرم رویہ رکھتے ہیں، دوسروں کے ساتھ اللہ کے لیے محبت رکھتے ہیں، اور اُن کے اعلیٰ اخلاق اور نرم رویہ کی وجہ سے لوگ اُن سے محبت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر کام کرنے والے قائدین اور اسٹاف ممبران کو نصیحت کی کہ آپ حضور ﷺ کی اِس حدیث کا مصداق بن جائیں تاکہ دینِ اسلام کی تجدید و اِحیا اور فروغِ اِعتدال و توازُن کے کام میں خیر و برکت کا حصول ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے اخلاق اچھے رکھیں گے، حِلم و بردباری کا مظاہرہ کریں گے، دوسروں کے ساتھ نرمی اور محبت والا رویہ اختیار کریں گے تو لوگ آپ کے ساتھ وابستہ ہوں گے اور جُڑے رہیں گے، آپ کے ساتھ محبت کریں گے اور پھر آپ کی وجہ سے مشن اور دینِ اسلام سے محبت اور لگاؤ پیدا ہوگا، جو لامحالہ مشن کی ترویج و اِشاعت کا باعث ہوگا۔

خطاب کے اختتام پر محترم چیئرمین سپریم کونسل نے خصوصی دعا فرمائی اور محفل کے منتظمین میں شامل حافظ ظہیر احمد الاسنادی اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارک باد سے بھی نوازا۔

محفل کی صدارت نائب ناظم اعلیٰ ریسرچ شیخ عبد العزیز دباغ نے کی۔ محفل میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، ڈائریکٹر شعبہ اُمورِ خارجہ جی ایم ملک، کنٹری ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان بریگیڈئر(ر) عمر حیات، نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات انجینئر رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ اجتماعات و ایڈمنسٹریشن جواد حامد، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر آصف اکبر، ڈائریکٹر انٹرفیتھ اینڈ ڈپلومیٹک ریلیشنز سہیل احمد رضا، منہاج پریس اینڈ پبلی کیشنز اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران، مرکزی شعبہ جات کے سربراہان اور فرید ملّت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اسٹاف ممبران شریک تھے۔

ڈائریکٹر فرید ملّت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمد فاروق رانا نے آنے والے معزز مہمانانِ گرامی کی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا کیا، محفل کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر اجمل علی مجددی نے ادا کیے۔

محفل کے اختتام پر شرکائے محفل کے لیے ضیافتِ میلاد کا بھی اہتمام تھا۔

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

Mehfil e Milad e Mustafa under FMRi

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top