منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 12 مستحق بیٹیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب
ہر دلہن کو زندگی کی بنیادی ضروریات کا مکمل سامان تحفے میں دیا گیا
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مستحق اور ضرورت مند طبقات کی مدد کررہی ہے: نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مشن ہے کہ کوئی بیٹی مالی تنگی کی وجہ سے رخصتی سے محروم نہ رہے: انجینئر ثناء اللہ خان

لاہور (23 اکتوبر2025) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) کے زیراہتمام 12 مستحق گھرانوں کی بیٹیوں کی شادی کے لئے عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 12 جوڑوں کو نہ صرف نکاح کے بابرکت بندھن میں باندھا گیا بلکہ زندگی کی بنیادی ضروریات کا مکمل سامان بھی تحفے میں دیا گیا۔ اجتماعی شادیوں کی 14 ویں سالانہ تقریب میں سینکڑوں مہمانوں، کاروباری شخصیات و سماجی شخصیات، تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں اور باراتیوں نے شرکت کی۔
تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم اور ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثناء اللہ خان نےخصوصی شرکت کی۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے ہر دلہن کو فرنیچر، بستر، برتن، واشنگ مشین، پنکھا، سلائی مشین، قرآن پاک اور دیگر گھریلو ضروریات کا سامان فراہم کیا تاکہ نئی زندگی کا آغاز سہولت اور عزت کے ساتھ ہو سکے۔
انجینئر محمد رفیق نجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مشن مستحق اور ضرورت مند طبقات کی مدد کرنا ہے۔ ہم ایسی تقاریب کے ذریعے معاشرے میں خوشیاں بانٹنے کی روایت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیاں صرف ایک تقریب نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عملی اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس مادہ پرست دور میں جہاں شادیاں ایک مالی بوجھ بن چکی ہیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان والدین کے لیے سہارا بن رہی ہے جو اپنی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق بچیوں کی باعزت رخصتی ہمارے فلاحی پروگراموں کا سب سے اہم مقصد ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن انجینئر ثناء اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویثرن کے مطابق معاشرتی بھلائی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ خدمتِ خلق کو اپنی دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات،کاروباری برادری اور عوام الناس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فلاحی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کسی بھی بیٹی کی شادی مالی مجبوری کے باعث تاخیر کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت مختلف شہروں میں اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے۔ ناروال بدو ملہی میں منعقد ہ تقریب میں سید مجاہد فرحان الحسن بخاری، چوہدری شہباز احمد گورائیہ، حافظ عبد الغفار سلطانی، پیر سید فہد رضا کاظمی، پیر سید زاہد الحسن گیلانی، پیر سید علی دان کاظمی، چوہدری بابر علی سیہول، شیخ فرحان عزیز، فیصل رفیق قادری، ملک خالد محمود ایڈووکیٹ، چوہدری ارشد علی بٹر، حاجی سجاد احمد سندھو، سجاد حسین گوہر، محمد آصف ناگرے، محمد عابد صدیق، محمد اشرف، عبد الغفور طاہر، میاںمنیر احمد مغل،شیخ عاصم اقبال،ذوالفقار علی سیف،ڈاکٹر عاشق آفاق ملہی،عبد الرئوف شیخ،حافظ مدثر نبیل و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کروائی گئی جس میں نو بیاہتا جوڑوں کی خوشحال ازدواجی زندگی،والدین کی آسانیوں اور وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


















تبصرہ