تمام مذاہب انسانیت کو محبت اور خدمت خلق کا درس دیتے ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

تعصب اور نفرت پر مبنی رویے امن اور ترقی کے راستے کی رکاوٹ ہیں: ڈپٹی چیئرمین منہاج یونیورسٹی لاہور
انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج یونیورسٹی لاہور اور سیونتھ ڈے ایڈونسٹنٹ کے اشتراک سے کرسمس تقریب کا انعقاد
سہیل احمد رضا، ڈاکٹر ریورنڈ ڈاکٹر گی سنگیا، ڈاکٹر لی، ریورنڈ سیموئیل نذیر، مسٹر سیموئیل پیارا و دیگر کی شرکت

Minhaj University Lahore Hosts Christmas Celebration 2025 Promoting Interfaith Harmony

لاہور(21 دسمبر 2025ء)منہاج یونیورسٹی لاہور میں سکول آف ریلیجن اینڈ فلاسفی کے زیر اہتمام’’ سیونتھ ڈے ایڈونسٹنٹ ‘‘اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج یونیورسٹی لاہور کے اشتراک سے کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کو محبت، صبر، امن اور خدمت خلق کا درس دیتے ہیں۔ کوئی مذہب نفرت نہیں سکھاتا، اللہ کے تمام پیغمبروں نے امن و توحید کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہاکہ معاشرتی ہم آہنگی اسی وقت ممکن ہے جب مختلف مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کے عقائد اور جذبات کا احترام کریں۔ تعصب اور نفرت پر مبنی رویے امن اور ترقی کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔ ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل نے تقریب میں آمد پر مختلف مذاہب کے رہنمائوں کا استقبال کیا۔ سکول آف ریلیجن اینڈ فلسفہ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر ہرمن روبوخ نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ سیونتھ ڈے ایڈونسٹنٹ چرچ کے صدر ڈاکٹر ریورنڈ ڈاکٹر گی سنگیا اور جنوبی کوریاسے آئے ڈاکٹر لی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

مہمانوں نے اپنے خطابات میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب منعقد کرنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے اقدام کو سراہا۔ مہمان مقررین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ بین المذاہب رواداری کی بات کی۔ تقریب میں شریک مختلف مذاہب کے رہنمائوں نے بین المذاہب رواداری اور اتحاد و محبت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب میں ریورنڈ سیموئیل نذیر، قاری خالد محمود، پادری اسلم غوری، مسٹر سیموئیل پیارا، سیمسن سلامت، نوخاز کھوکھر، پادری مظہر بھٹی، ریورینڈ ڈاکٹرمرقس فدا، پادری خرم شہزاد، پادری مدثر سیاہ، پروفیسر ڈاکٹر سٹیفن، میڈم کلثوم، پروفیسر ناصر جان، ریورنڈ رابن قمر، پادری امجد نعمت، مس اقرا شہباز سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کر سمس کیک بھی کاٹا گیا اور ڈائریکٹر انٹر فیتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے اختتامی کلمات میں تقریب میں آمد پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top