جامع شیخ الاسلام میں ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ اور سالانہ محفلِ شبِ برأت کا انعقاد

minhaj ul quran shab e barat spiritual gathering 2026

ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ اور سالانہ محفلِ شبِ براءت جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں نہایت عقیدت، روحانیت اور دینی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز استاذُ القراء، فخرالقراء القاری والمقری اللہ بخش نقشبندی کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حامد مصطفیٰ (کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز)، حافظ محمد عاصم شریف، قاری امجد بلالی و برادران نے حاصل کی، جبکہ وظائفِ قادریہ قاری محمد اکرام ربانی و ہمنوا نے پیش کیے۔

خرم نواز گنڈاپور (ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے استقبالیہ کلمات میں معزز علما، مشائخ اور حاضرینِ محفل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ شبِ براءت توبہ، مغفرت اور خود احتسابی کی رات ہے۔ یہ لمحہ انسان کو اپنی زندگی کا جائزہ لینے اور اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رجوع کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی امت ہونا جہاں اعزاز ہے، وہیں ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جس کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگی کو صراطِ مستقیم پر استوار کریں۔

اس موقع پر مفتی سید فہیم الحسن شاہ تھانوی (ناظمِ اعلیٰ، مجمع العلوم الاسلامیہ، جامعۃ الرشید پنجاب) نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ان کا تعلق قلبی اور دیرینہ ہے۔ انہوں نے آقا کریم ﷺ کی سادگی، رحمت اور مخلوق سے محبت کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ شبِ براءت وہ بابرکت رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ قبیلہ بنو کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی مغفرت فرماتا ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک کو غفلت میں نہ گزارنے، خود احتسابی اپنانے اور معاشرتی برائیوں خصوصاً فضول رسومات سے اجتناب کی تلقین کی۔

بعد ازاں غلام مرتضیٰ علوی (ڈائریکٹر نظامتِ تربیت، تحریک منہاج القرآن) نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ہر خطاب روحانی تربیت اور فکری اصلاح کا سرچشمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے حضرت محی الدین ابنِ عربیؒ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہ معمولی گناہ کو حقیر سمجھ کر توبہ ترک کرنی چاہیے اور نہ بڑے گناہ کو دیکھ کر توبہ سے مایوس ہونا چاہیے۔ انہوں نے عیب جوئی، طعنہ زنی اور تمسخر کے معاشرتی نقصانات پر روشنی ڈالی اور توبہ، رحم اور پردہ پوشی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نصفِ شعبان کی رات اللہ رب العزت اپنی شان کے مطابق آسمانِ دنیا پر نزولِ اجلال فرماتا ہے اور بے حد و حساب مغفرت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں وضاحت کی کہ مشرک، بغض و عناد رکھنے والے، چغل خور اور ناحق قتل کرنے والوں کے سوا تقریباً سب کی مغفرت فرما دی جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شبِ براءت کی فضیلت پر اہلِ علم کا اتفاق ہے، تاہم اس رات سے متعلق بعض مخصوص عبادات اور متعین نمازیں بعد میں گھڑی گئیں جن کی اصل صحابۂ کرامؓ سے ثابت نہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ تلاوتِ قرآن، ذکر، استغفار اور دعا اس رات کے مسلّم اعمال ہیں، جبکہ نماز بغیر کسی متعین رکعات کے سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ادا کرنا افضل ہے۔

آخر میں انہوں نے فرمایا کہ جب نیت اللہ کی رضا ہو تو بندے کا ہر جائز عمل عبادت بن جاتا ہے۔ بندہ گناہ سے ثواب، کمزوری سے مضبوطی اور خودی سے خدا کی طرف سفر کرتا ہے، اور یہی روحانی سفر اللہ کی رضا اور قرب تک پہنچاتا ہے۔

محفل میں راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، میر آصف اکبر، اشفاق علی چشتی، جواد حامد، غلام مرتضیٰ علوی، سید مشرف شاہ، حاجی غلام فرید، گوشہ نشینان، محترمہ فضہ حسین قادری، مروہ حسین قادری، لبنیٰ مشتاق، عائشہ مبشر، حافظہ سحری عنبرین، مرکزی ذمہ داران، اور خواتین کی بڑی تعداد سمیت علما، مشائخ اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

minhaj ul quran shab e barat spiritual gathering 2026

minhaj ul quran shab e barat spiritual gathering 2026

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top