منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک گیر دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ جاری
لاہور سمیت 200 سے زائد شہروں میں ہزاروں مرد و خواتین کی شرکت
قرآن فہمی اور اصلاح معاشرہ رمضان المبارک کا اصل پیغام ہے، مقررین
علامہ رانا محمد ادریس، علامہ سعید رضا بغدادی، علامہ زاہد جمیل، علامہ منہاج الدین قادری و دیگر کے خطابات
لاہور (24 فروری 2026) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ملک گیر سطح پر دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سمیت ملک کے 200 سے زائد شہروں میں سینکڑوں مقامات پر نمازِ فجر کے بعد منعقد ہونے والے ان دروس قرآن میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر رہے ہیں۔ مذہبی، سماجی، سیاسی اور علمی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی ان روح پرور نشستوں کا حصہ بن رہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرزنے اپنے خطابات میں اس امر پر زور دیا کہ رمضان المبارک فلاح، ہمدردی، بھائی چارے، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی ادائیگی کا پیغام دیتا ہے۔ دروسِ عرفان القرآن کا بنیادی مقصد معاشرے میں فکری و روحانی بیداری پیدا کرنا اور عوام الناس کو فہمِ قرآن سے آراستہ کرنا ہے۔
تحریک منہاج القرآن بصیرپور کے زیرِاہتمام دروسِ عرفان القرآن کی نشست سے علامہ رانا محمد ادریس قادری نے ’’خاندانی استحکام میں زوجین کا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط خاندان ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے اور اس بنیاد کو قائم رکھنے میں میاں بیوی کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں اگر زوجین باہمی احترام، صبر، برداشت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو گھریلو مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں خاندانی تنازعات کی بڑی وجہ دینی تعلیمات سے دوری اور اپنے فرائض سے غفلت ہے۔
لاہور میں ضلع نمبر پانچ کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والی دروسِ عرفان القرآن کی نشست میں علامہ سعید رضا بغدادی نے خطاب کیا۔ ناظم لاہور ناظم علی رحمت ،ممتاز خان کھچی، میاں ممتاز، راشد علی اعوان، افضل بھٹی، چوہدری امجد اور دیگر رہنمائوں و کارکنان کی بھرپور شرکت رہی۔
تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کینٹ کے زیراہتمام نشست میں علامہ محمد جمیل زاہد نے "خاندانی استحکام میں زوجین کا کردار" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معاشرے کی بنیاد مستحکم خاندان پر قائم ہوتی ہے۔ میاں بیوی اگر اپنے رشتے کو اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھتے ہوئے اخلاص، صبر، برداشت اور باہمی احترام کے ساتھ نبھائیں تو گھریلو زندگی جنت کا نمونہ بن سکتی ہے۔
دیپالپور میں علامہ منہاج الدین قادری نے ’’علمِ دین انسان کی حقیقی ضرورت‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید مکمل ضابطۂ حیات ہے، جس کا مقصد انسان کی انفرادی و اجتماعی اصلاح ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو قرآن فہمی کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ باکردار قوم کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کا قرآن سے مضبوط تعلق ناگزیر ہے۔
حویلی لکھا میں علامہ صابر کمال وٹو نے ’’فلاحِ دارین‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی کامیابی ایمان اور اعمالِ صالحہ کے امتزاج سے حاصل ہوتی ہے۔ پاکپتن شریف میں علامہ مہتاب اظہر راجپوت نے قرآن و سنت کی روشنی میں علمِ دین کی اہمیت بیان کرتے ہوئے شرکاء کو عملی زندگی میں دینی تعلیمات اپنانے کی تلقین کی۔ اوکاڑہ میں علامہ محمد سرفراز قادری نے کہا کہ علمِ دین انسان کی زندگی کے ہر پہلو کی رہنمائی کرتا ہے اور معاشرے میں اعتدال و شعور پیدا کرتا ہے۔ ملکوال میں علامہ محمد احسان قادری نے ’’اخلاقِ نبوی ﷺ اور عصرِ حاضر کے تقاضے‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ سیرتِ طیبہ کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔
ان دروس میں منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے عہدیداران، کارکنان اور عوام الناس کی کثیر تعداد شریک ہو رہی ہے۔


















تبصرہ