نفرت اورغصہ انسان کو رحمت سے دور کر دیتا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
ایمانی زندگی کی بنیاد رحمت،محبت اور شفقت پر قائم ہے باطنی اصلاح کے بغیر معاشرے میں امن ممکن نہیں:بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن ’’حضور نبی اکرم ؐکے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ روحانی و تربیتی مجالس کی پانچویں نشست سے خطاب

لاہور (15 مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسان کی باطنی اور روحانی زندگی کی حقیقی بنیاد رحمت، محبت اور شفقت پر قائم ہے اور حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس ان اوصاف کا کامل نمونہ ہے۔ وہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ روحانی و تربیتی مجالس کی پانچویں نشست سے خطاب کر رہے تھے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ رحمت کا مفہوم صرف ظاہری مہربانی نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور انسان کے اندر موجود انتشار کو ختم کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے اندر جتنا زیادہ غصہ، نفرت اور سختی ہوگی وہ اتنا ہی رحمت کے سرچشمے سے دور ہوتا جائے گا، اس لیے ضروری ہے کہ انسان غصے کو ٹھنڈک، نفرت کو محبت اور سختی کو نرمی میں بدلنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے انتشار اور کشیدگی کی بنیادی وجہ باطنی اصلاح سے دوری ہے۔ اگر انسان اپنے باطن کی اصلاح کر لے تو اس کے مثبت اثرات پورے معاشرے میں ظاہر ہوتے ہیں۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ انسان کے باطن میں نفس، قلب اور عقل تین بنیادی عناصر ہیں، جب یہ تینوں متوازن ہو جائیں تو شخصیت مضبوط ہو جاتی ہے اور انسان بیرونی فتنوں سے محفوظ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ترجیحات بدل چکی ہیں، حالانکہ اصل ترتیب یہ ہے کہ دل مرکز ہو، عقل اس کی معاون ہو اور نفس اس کے تابع ہو۔ جب یہ توازن قائم ہو جاتا ہے تو انسان کے اندر محبت، نرمی اور ذکرِ الٰہی کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر رفیق نجم، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری سمیت مرکزی و صوبائی قائدین، علما، مشائخ اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


















تبصرہ