عیدالاضحی اخوت ،مساوات اور انسانیت سے محبت کا عملی پیغام ہے: خرم نواز گنڈاپور
محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا اسلامی فریضہ ہے
منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا
جدید سلاٹر ہاؤس میں اسلامی اصولوں کے مطابق قربانی کے انتظامات مکمل کئے جائیں گے

لاہور (17 مئی 2026) ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ایثار، تقویٰ، اخلاص اور انسانیت سے محبت کا عظیم درس دیتی ہے۔ دین اسلام ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ اپنی خوشیوں میں معاشرے کے محروم، نادار اور پسے ہوئے طبقات کو بھی شریک کیا جائے تاکہ بھائی چارے، ہمدردی اور اجتماعی خوشی کی فضا قائم ہو سکے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی قربانی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں قربانی مہم کے انتظامات، فلاحی سرگرمیوں اور مختلف انتظامی کمیٹیوں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد محض جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا، تقویٰ اور اخلاص کا حصول ہے۔ قربانی انسان کے اندر ایثار، اطاعت، خلوص اور اللہ تعالیٰ کی محبت کے جذبات کو بیدار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی انسانیت کو یہ درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی محبوب ترین چیز بھی قربان کرنے کا جذبہ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا فلسفہ نمود و نمائش اور دکھاوے سے بالاتر ہو کر بندگی، اخلاص اور روحانی پاکیزگی کو فروغ دینا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں قربانی کی قبولیت کا معیار جانور کی قیمت یا جسامت نہیں بلکہ نیت ، اخلاص اور تقویٰ ہے۔ اگر قربانی خالصتاً رضائے الٰہی کے لیے کی جائے تو یہی عمل قربِ الٰہی اور روحانی بالیدگی کا ذریعہ بنتا ہے۔
ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت جاری قربانی مہم کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی مستحق، نادار اور ضرورت مند خاندانوں تک قربانی کا گوشت عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا جائے گا تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم مرکزی قربان گاہ میں گائے، بکرے، دنبے اور چھترے اسلامی اصولوں کے مطابق ذبح کیے جائیں گے جبکہ صفائی، حفظانِ صحت اور انتظامی امور کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قربانی مالی عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی مساوات، اخوت اور انسان دوستی کا عملی مظہر بھی ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں اپنی ذات سے بڑھ کر دوسروں کی خوشیوں اور ضروریات کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور اخوت کو فروغ مل سکے۔


















تبصرہ