اتحاد بین المسلمین و امن کمیٹی ضلع شیخوپورہ کے وفد کی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے خصوصی ملاقات

اتحاد بین المسلمین و امن کمیٹی ضلع شیخوپورہ کے وفد نے منہاج القرآن علماء کونسل کے اہتمام سے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے خصوصی ملاقات کی۔ یہ ملاقات منہاج یونیورسٹی لاہور کے شیخ الاسلام انسٹی ٹیوٹ آف سپرچوئل اسٹڈیز میں ہوئی، جس میں علمی، فکری، تحقیقی، بین المذاہب ہم آہنگی، فروغ امن اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اہم اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علم و تحقیق، دینی رہنمائی، امن و رواداری اور معاشرتی اصلاح میں علماء کرام کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں فکری رہنمائی اور علمی اثر پذیری ایک مسلسل عمل ہے۔ مختلف علمی حلقوں، دینی اداروں اور تحقیقی مراکز کے درمیان باہمی رابطہ، علمی ترقی، فکری وسعت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنتا ہے۔
انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کی علمی دستاویز ’’امن و انسداد دہشت گردی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم علمی کاوش ہے، جو مختلف تعلیمی و فکری حلقوں میں استفادہ کے قابل ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے عصر حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے امن، انسداد دہشت گردی، بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی اعتدال جیسے اہم موضوعات کو باقاعدہ علمی و تدریسی سطح پر متعارف کرایا ہے، تاکہ نئی نسل کو انتہا پسندی کے فکری اسباب، ان کے تدارک اور امن کے فروغ کے علمی مناہج سے آگاہ کیا جا سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے تعلیمی و تحقیقی ڈھانچے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں ایسے جدید اور معنویت آفریں شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں جو محض تدریسی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت فکری تبدیلی، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تصوف اور روحانیت سے عوامی وابستگی کے باوجود اس میدان میں باضابطہ علمی و تحقیقی کام کی کمی محسوس کی جاتی تھی، جسے منہاج یونیورسٹی نے منظم تعلیمی پروگراموں کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے آغوش آرفن کیئر ہوم کو منہاج القرآن کی ایک منفرد اور عملی خدمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آغوش میں یتیم بچوں کو زندگی کے کسی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جاتا، بلکہ انہیں تعلیم، تربیت، رہائش، اخلاقی نگہداشت اور شخصی ارتقا کے بہترین مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، تاکہ وہ معاشرے کے باوقار، مفید اور بااعتماد شہری بن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ آغوش سے تربیت پانے والے بچے آگے چل کر خود بھی یتیموں کی کفالت اور خدمت خلق کے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں، جو اس ادارے کی تربیتی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
بعد ازاں وفد کے اراکین نے منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے ناظم علامہ محمد خلیل حنفی کے ہمراہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ وفد نے یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور فکری کردار کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے میں اعتدال پسندی، مثبت تبدیلی، بین المذاہب ہم آہنگی اور فروغ امن کے لیے ایک مؤثر علمی پلیٹ فارم قرار دیا۔ وفد کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے علمی، فکری اور سماجی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، تاکہ امن، رواداری، برداشت اور باہمی احترام کا پیغام وسیع تر سطح پر عام کیا جا سکے۔
اتحاد بین المسلمین و امن کمیٹی ضلع شیخوپورہ کے وفد میں سرپرست ڈاکٹر حافظ و قاری محمد فیاض الحسن جمیل الازہری، جنرل سیکرٹری حاجی طاہر جاوید نقشبندی، مرکزی قانونی مشیر جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ محمد ایوب خان، نائب صدور مفتی محمد اشرف قادری رضوی، علامہ غلام مصطفیٰ قادری رضوی اور محمد اعظم سیکھو شامل تھے۔ دیگر معزز اراکین میں علامہ قاری محمد یونس حنفی محمدی، سید محمد انتظار شاہ، علامہ اقبال اکبر، علامہ خالد محمود منہاجین، علامہ یاسین قادری، علامہ خالد محمود سعیدی، علامہ مقبول احمد طاہر اور علامہ قاری سعید احمد سلطانی بھی موجود تھے۔ جب کہ متحدہ امن کمیٹی فاروق آباد کی نمائندگی نائب صدور علامہ قاری اعجاز حسین بھٹی، عامر شہباز پاسٹر اور علامہ اسد عزیز نے کی۔ اس موقع پر غلام مرتضیٰ مرتضائی، ممبر سپریم کونسل، اور شکیل احمد طاہر، ڈائریکٹر نظامتِ امور خارجہ بھی موجود تھے۔
























تبصرہ