دہشت گردی کے خطرے نے ایک نئی شکل اختیار کر لی ہے: سیکرٹری داخلہ
سکیورٹی اداروں اور سول سوسائٹی کو ملکر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، عالمی کانفرنس
کانفرنس سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری و دیگر کا خطاب

لاہور (24مئی 2026) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے انسدادِ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی سے خطاب کرتے ہوئے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عوام اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات نئی شکل اختیار کر چکے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں، جامعات اور سول سوسائٹی کے درمیان فعال تعاون ضروری ہے۔یہ بین الاقوامی کانفرنس فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈویلپمنٹ برطانیہ (پاکستان چیئر) اور پنجاب سینٹر آف ایکسی لینس اِن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹرم ازم کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔
منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال مجموعی حکمت عملی کا ایک جز ہے مکمل خاتمے کے لئے فعال گورننس، نصاب تعلیم اور ہر قسم کی ناانصافیوں کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی گمراہی، معاشی محرومی اور ادارہ جاتی کمزوریاں انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی اور خودکش حملوں کو قرآن و سنت کی روشنی میں حرام قرار دے کر اس فتنے سے نمٹنے کے لئے ایک واضح ڈائریکشن دی ہے۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ جامعات کو تحقیق، مکالمے اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوان نسل کو اعتدال پسندی اور مثبت تنقید کی تعلیم دی جا سکے۔ چیئرمین رحمۃ للعالمین اتھارٹی خورشید ندیم نے کہا کہ 25 سال بعد بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ موثر حکمت عملی میں کہیں نہ کہیں کمی موجود ہے۔ بین الاقوامی کانفرنس سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفی، ڈاکٹر برائن جے فلپس، پروفیسر طحہٰ قریشی، ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالہ، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف پیس اینڈ کاؤنٹر ٹیرارزم سٹڈیز ڈاکٹر حسن فاروق مشوانی نے بھی خطاب کیا۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر خرم نواز گنڈاپور،بریگیڈیر (ر) ڈاکٹر محمد فیاض، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، کرنل (ر) خالد جاوید، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، سابق آئی جی شوکت جاوید سمیت منہاج یونیورسٹی کے ڈینز، فیکلٹی ممبرز اور طلبہ نے شرکت کی۔


















تبصرہ