معاشی استحکام کیلئے عوام دوست بجٹ ناگزیر ہے: عوامی تاجر اتحاد
عوام کو ریلیف دینے کے لیے کاروباری لاگت کو کم سے کم سطح پر لانا ہوگا: حاجی محمد اسحاق
صنعت و تجارت کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: محمد راشد چودھری، شہزاد خان
بجٹ سازی کے عمل میں تاجروں، صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کیا جائے، پری بجٹ اجلاس میں تجاویز

لاہور (یکم جون 2026) عوامی تاجر اتحاد کا پری بجٹ اجلاس چیئرمین حاجی محمد اسحاق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ معاشی صورت حال، تاجروں کو درپیش مسائل، ٹیکس نظام، بڑھتی کاروباری لاگت، سرمایہ کاری اور آنے والے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے عوام دوست بجٹ ناگزیر ہے، جب تک کاروباری طبقے کو ریلیف اور سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر وائس چیئرمین رانا محمد شکیل نے کہا کہ کاروباری لاگت میں مسلسل اضافہ اور پیچیدہ ٹیکس نظام معاشی سرگرمیوں میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نظام کو سادہ، شفاف اور آسان بنایا جائے تاکہ چھوٹے و بڑے کاروباری ادارے بلا خوف اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور سرمایہ کاری کا فروغ ملک کی قومی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت کو صنعت و تجارت کے شعبے کو سازگار اور مستحکم ماحول فراہم کرنا ہوگا۔
صدر عوامی تاجر اتحاد جنید وارثی نے کہا کہ جب تک پالیسیوں میں تسلسل اور کاروبار دوست اصلاحات نہیں لائی جاتیں معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل میں تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کرے۔ سینئر نائب صدر شہزاد خان نے کہا کہ مہنگی بجلی، بلند شرح سود، اضافی ٹیکسز اور پیچیدہ ٹیکس نظام نے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری لاگت میں کمی، ٹیکس نظام میں سادگی، صنعتوں کے لئے خصوصی مراعات، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات ہی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کر سکتے ہیں۔
جنرل سیکرٹری محمد راشد چودھری نے کہا کہ صنعت و تجارت کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پید اہوں گے بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے۔اجلاس میں فاروق انور علوی، محمد ثاقب بھٹی، شبیر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔


















تبصرہ