مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ تقریب

مورخہ: 16 جون 2026ء

مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے روحِ رواں تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ
علمائے کرام و مشائخِ عظام کا مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو لازوال خدمات پر خراجِ عقیدت و تحسین

Quran Khwani and Dua for Mufti Abdul Qayyum Khan Hazravi 2026

لاہور: مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، جلیل القدر عالمِ دین، استاذ العلماء، مفسرِ قرآن اور شیخ الحدیث مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب اور درجاتِ بلندی کے لیے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے بذریعہ آڈیو لنک خصوصی دعائیہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے روحِ رواں تھے جنہوں نے 42 برس سے زائد عرصہ جامعہ اور تحریک منہاج القرآن کی خدمت میں گزارا اور ہزاروں علماء، خطباء، ائمہ اور مفتیانِ کرام کی تربیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ استقامت، وفاداری، زہد، قناعت اور اخلاص کا پیکر تھے۔ طویل رفاقت کے دوران انہیں ہمیشہ عزم و استقلال کا پہاڑ پایا۔ انہوں نے کبھی حالات کا شکوہ نہیں کیا اور ہر حال میں صبر و شکر کو اپنا شعار بنائے رکھا۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ مفتی صاحب صرف علوم کے ناقل نہیں بلکہ صاحبِ فہم، صاحبِ بصیرت اور کامل عاقل عالم تھے جنہوں نے علم کا حق ادا کیا اور پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت میں گزاری۔

اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرّم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اس ادارے کی تاریخ کا ایک درخشاں باب تھے۔ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی ہر دیوار آپ کی علمی، تدریسی اور تربیتی خدمات کی گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اپنی خوش مزاجی، شفقت، اپنائیت اور منفرد اندازِ گفتگو کی وجہ سے طلبہ اور سائلین میں بے حد مقبول تھے۔آپ کے وصال سے پیدا ہونے والا علمی خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔

پرنسپل جامعہ ہجویریہ علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے ابتدائی دور میں علمی و دینی ثقاہت کو منوانا ایک بڑا چیلنج تھا، جس میں مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ نے بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی علمی بصیرت اور فقہی مہارت کے ذریعے منہاج القرآن کے علمی تشخص کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے ساتھ وفا، اخلاص اور رفاقت کا جو عہد کیا، اس پر زندگی کے آخری لمحے تک قائم رہے۔

قبل ازیں رئیس الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی نے کلماتِ استقبالیہ میں کہا کہ ایک عالمِ دین کی وفات درحقیقت ایک جہان کے اجڑ جانے کے مترادف ہے۔ مفتی عبد القیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی تدریس، افتاء اور اشاعتِ دین کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں خدمات سرانجام دیں اور بے شمار علماء و محققین تیار کیے جو آج دنیا بھر میں دینِ اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔

اختتام پر صاحبزادہ علامہ ناصر قیوم ہزاروی نے اپنے والدِ گرامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ آخری لمحات تک ان کے چہرے پر مسکراہٹ اور اطمینان نمایاں رہا۔ وہ ہمیشہ فرمایا کرتے تھے کہ انسان کے لیے جو لمحہ مقرر کر دیا گیا ہے وہ نہ آگے ہو سکتا ہے اور نہ پیچھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دور میں جب مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآں تشریف لائے تو فرمایا: "میں مردوں سے اٹھ کر زندوں میں آ گیا ہوں"۔ اسی طرح اعتکاف میں ایک موقع پر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی آمد پر فقہی نشست سے نیچے تشریف لاتے ہوئے فرمایا: "جب پانی میسر آ جائے تو تیمم کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔"

دعائیہ تقریب سے علامہ مفتی محمد غلام حسن قادری، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی اور دیگر علماء و مشائخ نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ دعائیہ تقریب کا آغاز قاری اللہ بخش نقشبندی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ محمد نوید نقیبی اور محمد عاطف قادری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا جبکہ صدر بزمِ منہاج فیض المصطفیٰ نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے اور اختتام پر شیخ الحدیث پروفیسر نواز ظفر چشتی نے خصوصی دعا کی۔

قرآن خوانی و دعائیہ تقریب میں صاحبزادگان، عزیز و اقارب سمیت علمائے کرام، مشائخِ عظام، مرکزی قائدینِ تحریک منہاج القرآن، فاضلین، اساتذۂ کرام، بزمِ منہاج کے ذمہ داران، تلامذہ، متوسلین، وابستگانِ تحریک منہاج القرآن، اسٹاف ممبران، فیملی ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top