مرکز منہاج القرآن ہانگ کانگ میں امامِ کعبہ کی تشریف آوری

امام الحرم الشریف الشیخ صالح بن محمد بن ابراہیم الطالب 23 اکتوبر بروزجمعرات منہاج القرآن اسلامک سینٹر کھوائی چُنگ میں تشریف لائے۔ امامِ کعبہ کی آمد پرسینکڑوں افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بچوں نے معزّز مہمان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر ہانگ کانگ میں سعودی سفارت خانے کے احباب،جامع مسجد کولون کے چیف امام مفتی محمد ارشد، بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے عربی زبان میں اپنے معزّز مہمان کو خوش آمدید کہا، اُن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی اشاعت وفروغ اسلام، تجدید و احیائے دین اور اتحادِ امت کے لئے کی جانے والی کاوشوں کا تعارف کروایا۔

امام کعبہ فضیلة الشیخ صالح الطالب نے اپنے خطاب میں اتحادِ امت پر زور دیا اور فرمایا کہ میرے آنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ میں مختلف مکاتبِ فکر کے پاس جاؤں اور انہیں یکجا کرنے کی کوشش کروں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادِ امت صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ ہم قرآن و سنت کا دامن مضبوطی سے تھام لیں۔قرآن وسنت ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے باعث امت مسلمہ اتحاد کی لڑی میں پروئی جا سکتی ہے۔ امام کعبہ کی زیارت کے لیے آنے والے لوگوں کے جذبات دیدنی تھے۔ ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کے صدر محترم آئی ایس باچہ صاحب نے اپنے معزّز مہمان،سعودی قونصلیٹ اوربورڈ آف ٹرسٹیز کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون امام صاحب تشریف لائے۔ آخر میں امامِ کعبہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف المنھاج السوی بطور تحفہ پیش کی گئی۔

رپورٹ:حافظ تنویر حسین شاہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top