منہاج مصالحتی کونسل کیلئے اوسلو حکومت کیطرف سے 2008 کا اوسلو ایوارڈ


اوسلو کی مقامی حکومت کی طرف سے ہر سال اوسلو کی ایک تنظیم کو سالانہ ایوارڈ "Oxlo Price" کے نام سے دیا جاتا ہے، یہ انعام اس تنظیم کو دیا جاتا ہے جس نے گراں قدر سماجی و معاشرتی خدمات انجام دی ہوں۔ اس ایوارڈ کے علاوہ تنظیم کو 50000 کراؤن کا چیک بھی دیا جاتا ہے تاکہ فلاحی خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے انٹرنیشنل کی ذیلی تنظیم منہاج مصالحتی کونسل واحد اسلامی و مذہبی تنظیم ہے جس کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اوسلو حکومت نے منہاج مصالحتی کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے 2008ء کا ایوارڈ منہاج مصالحتی کونسل کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق منہا ج مصالحتی کونسل ناروے نے بچوں اور نوجوانوں کے علاوہ عام پبلک کے لیے بھی بے شمار خدمات انجام دی ہیں۔ جیوری کے فیصلے کے مطابق منہاج مصالحتی کونسل ناروے نے جن تعمیری بنیادوں پر کام کیا، ان میں کسی بھی مسلئے کا قبل از وقت تدارک انفارمیشن کام کے ذریعے کرنا، عوام کو مفید مشورے اور آراء دینا، اپنے حلقہ احباب میں لوگوں کو فلاحی کام کرنے کے لیے ترغیب دینا اور آمادہ کرنا، لوگوں کے مسائل میں ثالثی کا کردار ادا کرنا اور مسائل کا بہترین حل پیش کرنا، نوجوان بچوں اور بچیوں کے لیے اصلاحی ورکشاپس کا انعقاد شامل ہیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے کہا کہ منہاج مصالحتی کونسل نے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر اور ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر معاشرے کی خدمت کی ہے۔

جیوری کے مطابق منہاج مصالحتی کونسل ناروے مختلف مذاہب کے درمیان ایک پُل کی حثیت رکھتی ہے اور منہاج مصالحتی کونسل ناروے نے اقلیت اور اکثریت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا رشتہ قائم کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ایک پروقار تقریب سٹی کونسل کے ہال میں منعقد کی گئی جس میں اوسلو کے مئیر Fabian Stang نے منہاج مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ کو "اوسلو ایوارڈ اور پچاس ہزار" کا چیک دیا۔ تقریب میں بہت بڑی تعداد میں تحریکی ساتھی بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے Fabian Stang نے کہا کہ منہاج مصالحتی کونسل ناروے جو کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا ایک ونگ ہے نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جو کام منہاج القرآن مصالحتی کونسل ادا کر رہی ہے یہی وقت کی ضرورت ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اور لوگ بھی فلاحی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز احمد ورائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی نہیں ہے کہ ہمیں پچاس ہزار کراؤن کا چیک ملا ہے بلکہ اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ ہماری خدمات کو سراہا گیا ہے اور ہماری خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ سے ہمارے حوصلے اور بڑھے ہیں اور ہماری دعا ہے کہ ہماری یہ ساری کاوشیں اللہ پاک اپنے پیارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے میں قبول فرما لیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top