ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا آسٹریا کا تنظیمی دورہ

مورخہ: 09 جون 2009ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر قیادت منہاج القرآن انٹرنیشنل عصر حاضر میں فروغ عشق مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور فروغ امن و محبت کی عالمگیر تحریک ہے جو دنیائے ارضی کے گوشے گوشے میں دین اسلام کی روحانی اقدار کو زندہ کرکے انسان کے اندر امن و سکون کی شمع روشن کرکے عالمگیر سطح پر امن و اخوت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ منہاج القرآن آسٹریا کی نوزائیدہ تنظیم بھی اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر قیادت عالمگیر مصطفوی مشن کے عظیم مقاصد کے حصول کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی یورپ کے تنظیمی دورے کے دوران اٹلی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد9 جون2009ء بروز منگل آسٹریا تشریف لائے- منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل کے نائب صدر محمد نعیم چوہدری بھی انکے ہمراہ تھے۔ ویانا ائیر پورٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل، آسٹریا کے تنظیمی احباب نے ان کا پرتپاک استقبال کیا- معزز مہمانوں نے منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر قیام کیا- اسی شام منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کی ایگزیکٹیو، مجلس شوری اور دیگر رفقأ و وابستگان کے ساتھ بھرپور اجلاس تھا۔ اجلاس کی کاروائی کا آغاز امیر تحریک آسٹریا حفیظ اللہ قادری کی تلاوت اور نعت شریف سے ہوا۔ سب سے پہلے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا نے اپنی تنظیم کی مختصر کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت منہاج القرآن انٹرنیشنل، آسٹریا کی تنظیم حکومت آسٹریا کے پاس باقاعدہ رجسٹرڈ ہے۔ مقامی مسجد میں گذشتہ پانچ سال سے مسلسل ہفتہ وار محفل ذکر و نعت کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ میلاد النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ہونے والی میلاد کانفرنس آسٹریا میں پاکستانی کمیونٹی کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع ہوتا ہے جس میں یورپ اور پاکستان سے منہاج یونیورسٹی کے سکالرز تشریف لاتے اور خطابات کرتے ہیں۔

اسکے بعد ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مختلف تنظیمی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن بحمد اللہ تعالی موجودہ صدی کی مجددانہ تحریک ہے جو کائنات کے چپے چپے کو اسلام کے پیغام امن و محبت کو متعارف کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک اعتدال پسند دین ہے اور اس میں دہشت گردی کا کوئی تصور نہیں۔ حضور اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی سیرت مقدسہ سے فقط محبت اور امن کے فروغ کا پیغام ملتا ہے۔ اور یہی اسلام کی بنیاد ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ 28 سال کے مختصر عرصے میں منہاج القرآن کا پیغام دنیا کے ہر ملک میں پہنچ چکا ہے۔ 90 سے زائد ممالک میں تنظیم کا نیٹ ور ک ہے اور 65 مراکز سے اسلام کی تشہیر اور پیغام امن کا کام جدید کمپیوٹرائزڈ بنیادوں پر ہورہا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل وہ واحد تنظیم ہے جس کے دامن میں روحانیت، علم، تحقیق، تربیت، سائنس، معیشت، معاشرت، مذہب، تعلیم، ٹیکنالوجی، فلاح انسانیت اور خدمت انسانیت کے سارے شعبوں میں احیائے اسلام کا کام منظم طریقے سے انجام دیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آسٹریا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کومنظم انداز میں آگے بڑھانے میں خواجہ محمد نسیم، ملک امین اعوان، حفیظ اللہ قادری، محمد نعیم رضا اور دیگر اراکین اور وابستگان کا بہت اہم کردار ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں یہ احباب آئندہ نسلوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے منہاج القرآن کے لیے ایک مرکز کا اہتمام بہت جلد کریں گے۔ منہاج القرآن کے وابستگان سمیت ہر مسلمان کو چاہیے کہ اس نیک کام میں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن یونیورسٹی کے سکالرز بھی دنیا بھر میں دین مبین کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کمر بستہ ہیں۔ اور آسٹریا میں دین کی خدمت اور ترویج کے لیے لاہور مرکز ہر طرح کا تعاون کرے گا۔ ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس موقع پر اٹلی کیمپ کے لیے حاضرین کو دعوت دی اور کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یورپ میں علمی، فکری اور روحانی تربیت کے لیے یہ کیمپ ایک بے مثال تربیت گاہ ہوگی۔ اس لیے زیادہ سے زیادہ وابستگان اس کیمپ میں شرکت کریں۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس موقع پر جذبہ انٹرنیشنل کے بیورو چیف محمد اکرم باجوہ کی بھی تعریف کی جن کا تعاون منہاج القرآن کے عالمگیر پیغام کے فروغ میں ہمشہ شامل رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یورپ میں کہیں بھی رہیں جذبہ انٹرنیشنل کی رپورٹس میں آسٹریا کی خبریں جناب محمد اکرم باجوہ کے توسط سے نمایاں ہوتی ہیں۔ یاد رہے کہ محمد اکرم باجوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفیق بھی ہیں اور ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ان کی شاندار صحافتی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں اٹلی کیمپ میں صحافی برادری کی طرف سے چیف گیسٹ کے طور پر دعوت دی جسے محمد اکرم باجوہ نے بخوشی قبول کیا۔

بعد ازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تاحیات رفیق ملک اعجاز رشید کو تنظیم کے جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر منتخب کیا گیا اور ناظم اعلی نے ان سے حلف عہدیداری لیا۔ ملک اعجاز رشید نے نم آنکھوں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی روحانی نوازشات کا مختصر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتنی عظیم تحریک کی خدمت کا موقع میسر آنا میرے لیے دنیا و آخرت میں بہت بڑی سعادت ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آسٹریا کے صدر اور معروف سماجی شخصیت ندیم خان اور پاکستان کرکٹ کلب کے جنرل سیکرٹری خواجہ منظور نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پیغام سے متاثر ہوکر تحریک کی رفاقت اختیار کی۔ اس موقع پر ناظم اعلی کو اپنے رفاقت فارم پیش کیے۔ اس موقع پر خواجہ منظور نے آسٹریا میں منہاج القرآن کی دینی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچاکر صراط مستقیم پر لانے میں منہاج القرآن آسٹریا کی نتظیم جو اہم کردار ادا کررہی ہے وہ بلاشبہ لائق تحسین ہے۔ اور اسی سے متاثر ہوکر ہم اس قافلے میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔اس موقع پر پوری تنظیم نے ندیم خان اور خواجہ منظور کو تحریک میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔

آخر میں تنظیم کے صدر خواجہ محمد نسیم کی طرف سے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام تھا۔ اس موقع پر خواجہ محمد نسیم نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور یورپین کونسل کے نائب صدر نعیم چوہدری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے خصوصی طور پر آسٹریا کے رفقا و اراکین سے ملاقات کے لیے دورہ مخصوص کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انکے دورے سے تحریکی ساتھیوں میں جوش و جذبے کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے اور انشأاللہ مصطفوی مشن کے عظیم مقاصد کے حصول کے لیے ہماری جدوجہد تیز تر ہوجائے گی۔ اگلی صبح جناب ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نعیم چوہدری ویانا ائیر پورٹ سے یونان کے لیے رخصت ہوئے۔ ائیر پورٹ پر تنظیمی عہدیداران نے انہیں الوداع کہا۔
رپورٹ : محمد نعیم رضا (جنرل سیکرٹری منہاج القرآن آسٹریا)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top