نوجوان نسل ملک کو تعمیر و ترقی کی معراج تک لے جانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے : بلال مصطفوی

ذاتی اور پارٹی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے
پاکستانی قوم بگڑے حالا ت پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، یوتھ سیمینار سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ دفاع پاکستان یوتھ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ایک جفاکش، نڈر، پرجوش اور زندہ دل قوم ہے جو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ موجودہ حالات کو اگر 1947 کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ حالات کچھ بھی نہیں جو قوم آزاد وطن حاصل کرسکتی ہے اس کے لئے حالات پر قابو پانا ناممکن نہیں۔ پاکستانی نوجوان اس وطن کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے بحران قوموں کی زندگی میں آتے رہتے ہیں اور حقیقت پسند قومیں نہ صرف ان پر قابو پالیتی ہیں بلکہ مستقبل کیلئے سبق بھی حاصل کرتی ہیں۔ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوموں میں سے ایک ہے جو لوڈ شیڈنگ، پانی کے بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے کڑے طوفانوں میں بھی عزم و یقین کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، یہی بڑی قوموں کی پہچان ہے۔ قدرتی وسائل ہمارے پاس ہیں تعلیم یافتہ باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا قوم کے جوان یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ ہر قسم کی مصیبت اور پریشانی کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں ان کی درست رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اگر آج بھی مخلص قیادت مل جائے جو قوم کی درست سمت میں رہنمائی کرسکے تو پاکستان بہت جلد ترقی کی منازل طے کرے گا اور امت مسلمہ کے لئے لیڈنگ رول ادا کرے گا۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان اور آپ کی ذات دو الگ الگ وجود نہیں ہیں۔ آپ کے منہ سے نکلنے والی ہر بات اور اٹھنے والا ہر قدم آپ کے ساتھ ملک کے لئے بھی پیش رفت یا پسپائی کا باعث بنتا ہے لہٰذا نوجوان ساتھیو! اپنے وسائل، وقت، توانائی اور اپنی ذہانت کو ایک ایسے طرز زندگی میں وقف کیجیے، جس میں آپ کی ذات کا تو بھلا ہو ہی وطن عزیز کو بھی فائدہ پہنچے۔ پاکستان کی آزادی اور اس کا تحفظ آپ سے اسی بات کا تقاضا کرتا ہے۔ میں شہدائے 6 ستمبر کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جنہوں نے حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کر دیا۔

ثناء اللہ طاہری نے کہا قومیں تعلیم اور تربیت سے آگے بڑھتی ہیں۔ منصور بلال علوی نے کہا کہ ہمیں یوم دفاع کے موقع پر ذاتی مفادات، صوبائیت، لسانیت، اور مذہبی نفرتوں سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ کیونکہ ہم وطن سے ہیں اور وطن ہم سے ہے۔ یوتھ سیمینار میں بابر چودھری، محمد طیب ضیاء، عتیق الرحمان چودھری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top