مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی مجلس شوریٰ اور سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کا اجلاس

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی مجلس شوری اور سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہو۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر امجد جٹ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں امجد جٹ نے کہا کہ روایتی سیاست، یونین بازی، اساتذہ کی بے ادبی، کنڈیکٹر، ڈرائیور سے مارکٹائی اور کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ ایم ایس ایم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلبہ اسلام، استحکام پاکستان اور فروغ امن کی جدوجہد ہمارا مشن ہے۔ طلبہ کی مثبت سوچ، ملک و قوم کی عملی خدمت کا جذبہ ہی قوم کی ترقی کے مورال کو بلند کر سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کا 15واں یوم تاسیس 6 اکتوبر کو ہوگ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم 6 اکتوبر سے ملک بھر میں بدامنی، انتشار، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف فروغ پیغام امن اور بیداری شعور مہم کا آغاز کرے گی، اس مہم کا مرکزی نعرہ ’’علم امن، قدم قدم‘‘ ہو گا اور یہ مہم 6 اکتوبر سے 6 نومبر تک جاری رہے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امجد جٹ نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سیاست سے پاک طلبہ تنظیم ہے جو تعلیمی اداروں کے اندر پائی جانے والی منفی سیاست کو رد کر کے حقیقی قومی سوچ اور اسلامی نظریہ حیات کو اجاگر کرنا چاہتی ہے۔ موومنٹ طلبہ کے ذہنوں سے اسلام کے متعلق پائے جانے والے علمی، فکری، سائنسی اور عملی مغالطے دور کرکے انہیں اسلام کا سچا پیامبر بنانا چاہتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ طبقاتیت اور فرقہ واریت کا خاتمہ ملک و قوم کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہم پر فرض ہے۔ سماجی و معاشی استحصال کا خاتمہ ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخلاقی و جنسی بے راہ روی کے خاتمے سے ہی روحانی اقدار کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور موومنٹ روحانی اقدار کی بحالی کا یہ بیڑا اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور شراب نوشی سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔ حکومت کو ٹھوس بنیادوں پر اس کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

مرکزی مجلس شوریٰ سے خطاب کے دوران امجد جٹ نے کہا کہ طلبہ کی معاشی ترقی کا انحصار سماجی و سیاسی نظام پر ہوتا ہے۔ اس کے بغیر طلبہ کی شخصیت کی مثبت تعمیریا بہتری و بھلائی کی طرف غیر معمولی پیش قدمی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حصول علم کی تگ ودو، والدین، اساتذہ، سینئرز کی تعظیم و تکریم، سماجی اور معاشرتی ہم آہنگی اور آفاقی شعور بیدار کرنا طالب علم کی ذمہ داریوں میں سے ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کیا جائے۔ یہاں صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دے کر فرقہ وارنہ سرگرمیوں پر پابندی لگانی چاہیے تاکہ تعلیم کے نام پر دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top