منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے تمام مراکز میں وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سلامتی کیلئے 6 نومبر کو اجتماعی دعا کی جائے گی۔

آج پاکستان ابتلا و آزمائش کے دور سے گزر رہا ہے اور وطن عزیز کے چاروں اطراف خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ پورا معاشرہ ظلم و ستم اور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور ہر شخص سیکیورٹی کے انتظامات کے باوجود خوف و ہراس کی کیفیت میں ہے، بھوک اور مہنگائی ایک عذاب کی صورت میں پوری قوم پر مسلط ہے، عام آدمی سے لے کر حکمران طبقے تک ہر فرد بے بسی کی مجسم تصویر نظر آتا ہے۔ ہر شخص مضطرب اور بے چین ہے، اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ سلم کے نظام کی بجائے کفر کے نظام کو اپنایا جا رہا ہے، ثقافتی یلغار کی آگ ہمارے گھروں تک پہنچ چکی ہے اور ہم بحیثیت قوم ایک اجتماعی عذاب کی کیفیت میں ہیں۔

عصر حاضر کی عظیم علمی و روحانی شخصیت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی نے وطن عزیز کے حالات کی بہتری کیلئے پوری قوم کو ایک وظیفہ پڑھنے کی تلقین کی ہے اور اسی سلسلے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے جملہ سنٹرز میں 6 نومبر بروز جمعۃ المبارک کو اجتماعی طور پر بھوک، بدامنی اور دہشت گردی کے حالیہ عذاب سے نجات اور ملکی سلامتی کیلئے وظیفہ و دعا کی جائے گی۔ جس میں ہر محب وطن پاکستانی کو شرکت کی دعوت ہے کیونکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ اجتماعی بگاڑ کی اصلاح انفرادی کاوشوں اور انفرادی توبہ سے ممکن نہیں، اس کے لئے اجتماعی جدوجہد اور اجتماعی توبہ کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top