نوجوانوں میں جمہوری رویوں اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے : بلال مصطفوی

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی اور سیاستدانوں کی رسہ کشی سے نوجوان نسل پریشان ہے۔ اگر ان کے ذہنی اضطراب کو ختم نہ کیا گیا تو ملک مزید مسائل کا شکار ہو سکتا ہے۔ حکومت یوتھ پالیسی بنائے تاکہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ’’یوتھ پارلیمنٹ‘‘ کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اقوام عالم کے عروج و زوال میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ اگر ذمہ دار افراد انہیں نظر انداز کرتے ہیں تو تعمیر و ترقی کی راہیں مسدود کرنے کے مترادف ہے۔ بلال مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان میں اصلا ح معاشرہ، قیام امن، تعمیر وطن اور نوجوانوں کے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا پیغام امن، محبت اور رحمت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے نوجوانوں کی روحانی، اخلاقی، فکری، علمی، فنی، معاشی اور سماجی تربیت کے پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ اس موقع پر فیض الرحمن دارانی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، شاہد لطیف، راجہ زاہد محمود، فیض اللہ جان، ساجد گوندل، طیب ضیاء، ثناء اللہ طاہری، اشتیاق مغل اور منصور بلال نے بھی خطاب کیا۔

بلال مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام پورے پاکستان میں نوجوانوں میں علمی اور فنی صلاحیتوں اور شعور مقصدیت کے فروغ کی کوشش کی جائے گی۔ نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کے لیے ماہرین کی سہولت دی جائے گی تاکہ ان میں سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے اور انہیں تعمیر وطن کی جدوجہد میں شریک کیا جائے۔ نوجوانوں میں جمہوری رویوں اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ اللہ تعالی سے تعلق بندگی کو پختہ کرنے کے لیے ذکر الہٰی کی محافل اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مضبوط رشتہ استوار کرنے کے لیے درود و سلام کی مجالس خصوصی طور پر منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، دہشت گردی، بدامنی، مہنگائی اور غربت کی بنیادی وجوہات کو تلاش کر کے ان کو ختم کرے تاکہ پاکستان کو امن و سکون کی نعمت میسر آئے۔ حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے حل کے لیے جامع اور واضح لائحہ عمل بنائے۔ حکومت پاکستان نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے متحرک قومی یوتھ پالیسی بنائے تاکہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تربیتی نیٹ ورک کو یونین سطح تک منظم کیا جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top