منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کیجانب سے بیکنگھم شائر ہسپتال ہائی ویکمب کو روٹر سٹینڈ کی امداد

برطانیہ میں آباد مسلمانوں کو دیگر مذاہب اور نسلوں کے لوگوں سے اپنی مذہبی و ثقافتی حدود کے اندر رہتے ہوئے تعلقات کو بہتر کرنے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل ہائی ویکمب کے صدر حافظ سجاد حسین نے مورخہ 23 دسمبر 2009ء بیکنگھم شائر ہسپتال ہائی ویکمب میں ایک تقریب کے دوران کیا، تقریب کا مقصد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کی جانب سے ہسپتال کے شعبہ کے لئے ایک روٹر سٹینڈ کی حوالگی تھا جس کی مدد سے معذور، بوڑھے اور زیادہ بیمار مریضوں کو بآسانی ایکسرے ٹیبل پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔

حافظ سجاد حسین کے ہمراہ حافظ ظہور احمد منہاج القرآن یوتھ لیگ ہائی ویکمب کے کوآرڈینیٹر انعام احمد اور سارہ احمد بھی موجود تھے۔ ان احباب نے ہسپتال کے آپریشنل مینجر پول مرفی (Paul Marphy) کو مشین حوالے کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلمان کمیونٹی ہمیشہ خدمت خلق کے کاموں میں سرفہرست رہی ہے لیکن باہم تعلقات اور گفتگو کی کمی کی وجہ سے کمیونٹیز کی معلومات تک رسائی کم ہوتی ہے لیکن اگر سکولوں کی طرح ہسپتالوں اور دیگر اداروں کے گورننگ بورڈ میں مسلم کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے تو وہ اپنی تمام تر توانائیاں خرچ کر کے دیگر نسلوں و مذاہب کی کمیونٹیز کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور انہیں مزید مضبوط کرنے کی سر توڑ کوششیں کریں گے، شعبہ کے سربراہ پول مرفی نے اس عطیہ کو سراہتے ہوئے مسلم کمیونٹی کی جانب سے ہسپتال کے مریضوں اور سٹاف کے لئے اہم تحفہ قرار دیا اور کہا کہ ہم اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ مسلم کمیونٹی کی کسی تنظیم نے ہمارے ساتھ اس سطح تک تعاون کیا ہے اور اس سے باہمی اعتماد اور احترام کو مزید فوقیت ملے گی۔ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو نے بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر صغیر احمد کو شکریہ کا خط لکھا ہے اور اس قیمتی عطیہ کو ہسپتال کے مریضوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

آکسفورڈ رپورٹ (آفتاب بیگ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top