حکومت فوری طور پر گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے : بلال مصطفوی

پاکستانی عوام کو پتھر کے زمانہ میں واپس لوٹانے کی ظالمانہ پلاننگ کر لی گئی ہے : ظہیرعباس گجر
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی قائدین کی کراچی سے آئے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات

حکومت فوری طور پر گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے۔ گیس اور بجلی توانائی کے اہم ذرائع ہیں اور ان کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ براہ راست اور بلواسطہ مہنگائی بڑھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے گزشتہ روز کراچی سے نوجوانون کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ ظہیر عباس گجر بھی موجود تھے۔ بلال مصطفوی نے وفد کو بتایا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ عمل ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے کو واپس لے اور ان کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے سبسڈی دے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی نے معیشت کے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسما ن سے باتیں کر رہی ہیں اور غریب کے لیے جسم و روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ لوگ مہنگائی سے تنگ آ کر اجتماعی خودکشیاں کر رہے ہیں اور جو زندہ ہیں وہ بھی انتہائی بے چارگی اور کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ظہیر عباس گجر نے کراچی سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں عاشورہ کے مرکزی جلوس میں ہونے والے بم دھماکے پر پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوام نے بہت سی توقعات وابستہ کی تھیں۔ جنہیں نہایت ظالمانہ طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور کمیابی سے یوں لگتا ہے کہ جیسے پاکستانی عوام کو پتھر کے زمانہ میں واپس لوٹانے کی ظالمانہ پلاننگ کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے ذہنی مریض ہو چکے ہیں۔ بے روزگاری اور سیلاب کے طوفان میں غریب غوطے کھا رہا ہے۔ حکومت کو غریب عوام کی ہلاکت سے پہلے مہنگائی کے اس طوفان کو روکنے کے لیے موثر پلاننگ اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top