سی این جی سٹیشنوں پر گیس کے لیے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں معیشت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبو ت ہیں : شیخ زاہد فیاض

صنعتیں بند اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے، حکومت بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے
پاکستان عوامی تحریک کی CWC کے اجلاس میں بجلی اور گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافے کے خلاف قرار داد منظور
چیف آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

بجلی اور گیس کے نرخ عوام کی پہنچ سے باہر ہیں ان میں ہونے والے حالیہ اضافے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں متفقہ قراداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت فوری طور پر بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے اور ان کو بڑھانے کی بجائے کم کیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صنعتیں بند اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ حکومت بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ سردیوں میں 20 ,22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا مطلب ہے کہ گرمیوں میں بجلی بالکل نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، سیاسی رسہ کشی، ہوشربا مہنگائی نے عوام کی پریشانیوں اور دکھوں میں بدترین اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا CNG سٹیشنوں پرگیس کے حصول کے لیے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں ہماری معیشت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے CWC کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تباہ شدہ معیشت، روپے کی قدر میں کمی، غربت، مہنگائی کے طوفان، لوڈشیڈنگ کے عذاب، بم دھماکوں اور امن و امان کی دگر گوں کیفیت کے خاتمے اور ملک و قوم کو مایوسی، بے یقینی اور عدم تحفظ کی اذیت ناک صورتحال سے نکالنے کے لیے اور اس سے چھٹکارا دلانے کے لیے حکومت کو فوری اور انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گئے۔ انہوں نے کہا کہ جراتمندانہ طور پر ملکی مفادات کے پیش نظر آزادانہ خارجہ پالیسی اپنائی جائے اور پاکستانی قوم کو اُس باعزت مقام لاکھڑا کیا جائے کہ جس پر ہر پاکستانی بجا طور پر فخر کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ازبس کوشش کرنا ہوگی۔ اجلاس میں نائب امیر تحریک بریگیڈیر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، جواد حامد، فاطمہ مشہدی، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، علامہ محمد ادریس، علامہ محمد حسین آزاد، ساجد گوندل، قاضی فیض الاسلام، میاں زاہد اسلام، انوار اختر و دیگرممبران نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top