جیسے روح جسم پر مقدم ہے ویسے ہی روحانی رشتہ خونی رشتہ پر مقدم ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

پاکستان کے حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ غصہ اور فرسٹریشن بڑھ گیا ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی البنی صلی اللہ علیہ آلہ وسلم سے خطاب
مجلس ختم الصلوۃ علی النبی کی محفل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کی شرکت

روح کو جسم پر فوقیت حاصل ہے مگر بدقسمتی سے مادیت کے غلبہ کے باعث آج لوگوں کی ترجیحات بدل گئی ہیں، ساری کاوشیں جسم کو آسائش اور آرام دینے کیلئے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ روح اس لئے مقدم ہے کہ جسم نے تو ختم ہو جانا ہے مگر روح کو موت نہیں آنی۔ روح اگر نیک اور صالح ہے تو جنت میں رہے گی، اگر نہیں تو اس کے ساتھ دوسرا معاملہ رہے گا۔ روح کو ملائکہ کی طرح دوام حاصل ہے جسم تو فنا ہونے والی چیز ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی البنی صلی اللہ علیہ آلہ وسلم سے بذریعہ ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ جیسے روح جسم پر مقدم ہے ویسے ہی روحانی رشتہ خونی رشتہ پر مقدم ہے۔ دین کے رشتہ کو دنیاوی رشتوں پر فوقیت حاصل ہے، جب تک ہم انہیں عملی زندگی میں مقدم نہیں ٹھہرائیں گے فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بری صحبت کے تسلسل سے دینی غیرت اور ایمان کی پختگی کمزور پڑ جاتی ہے نتیجتاً انسان باطنی طور پر تباہ و ہلاک ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ایمان لانے کے بعد سب سے زیادہ نفع دینے والا عمل نیک لوگوں کی صحبت ہے۔ مومن وہ ہے جو صحبت والے دوستوں کا عذر قبول کرتا ہے۔ مومن وہ ہے جو دوسرے کی غلطیوں پر بھی خود دوسرے کے لئے عذر تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس انداز سے صحبت اور تعلق کو قائم کر لے اور نبھانا سمجھ لے تو یہ عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ غصہ اور فرسٹریشن بڑھ گیا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ دوسرے کے غصہ کا جواب غصہ سے نہ دیا جائے بلکہ ایک کا غصہ دوسرے پر صادر ہو جائے تو دوسرا برداشت کر جائے ۔ آج ہمارے معاشرے سے بالخصوص خیر رخصت ہو رہا ہے، بدی کا مقابلہ بدی سے ہو رہا ہے اور برے رویوں کا جواب اچھے اخلاق سے نہیں بلکہ برائی سے ہی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے تو کتے اور بلیوں سے حسن سلوک، بدسلوکی اور ظلم پر جنت اور دوزخ کے فیصلے رکھے ہیں انسان تو بہت عظیم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ نصیحت حکمت کے بغیر نہ کی جائے، کسی کو غلط راستے سے ہٹانے کیلئے اسے منہ پر نہ ٹوکیں بلکہ بالواسطہ اسے احساس دلا دیں۔ شیخ الاسلام نے خطاب کے آخر میں فرمایا کہ عملی زندگی میں دوستوں کی خیر خواہی اور ان کی پریشانی کا ازالہ کرنے کیلئے ایک دوسرے پر خرچ کرنے کو شعار بنائیں۔ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل میں مسلم لیگ ن کے رہنما ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top