عوام کو دہشت گردی کی دلدل اور معاشی پریشانیوں سے نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے : فیض الرحمٰن درانی

عالم اسلام اس وقت مجموعی طور پر غیر مسلم طاغوتی سازشوں کی اندھی جارحیت کا شکار ہے
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمٰن درانی کا مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمٰن درانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی سازش اس لیے کی جا رہی ہے کہ پاکستان کو سماجی، معاشی، سیاسی اور عسکری لحاظ سے کمزور کر دیا جائے اور ایٹمی ہتھیار استعماری قوقوں کے سپرد کر دیئے جائیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عالم اسلام اس وقت مجموعی طور پر غیر مسلم طاغوتی سازشوں کی اندھی جارحیت کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے سیاستدان دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی بدترین صورتحال کو روکنے کے لیے متحد نہیں ہیں۔ انہیں اپنے سیاسی مفادات اور اقتدار کو تحفظ دینے سے ہی فرصت نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بڑھتا ہوا اضطراب خطرناک حالات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دہشت گرد طبقات دوتین سالوں سے یہاں کے عوام الناس کا خون بہا رہے ہیں۔ سوات، مالاکنڈ ڈوثزن سے لے کر وزیرستان تک پاک فوج اس لیے ان کے خلاف مجبوراً آپریشن میں مصروف ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر پاکستان کے کچھ سیاسی اور مذہبی حلقے اب بھی مغالطوں اور مخمصوں میں مبتلا ہیں۔ وہ کھل کر بوجوہ ملک و ملت کے دشمن دہشت گردوں کی مخالفت پر لب کشائی نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ اسلام، پاکستان اور عوام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دکھوں کو دور کرنے کا نظام عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت مومن کی شان ہے۔ فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ عوام کو دہشت گردی کی دلدل اور معاشی پریشانیوں سے نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام اچھی قیادت سے محروم ہیں وہ جب بھی میسر آگئی پاکستان ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہو جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top