حکومت اوگرا کوفوری ہدایات جاری کرے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

باصلاحیت دماغ اور بڑ ے پیمانے پر سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی تشویش ناک ہے
اغیار کی معاشی غلامی سے نجات کیلئے کفائت شعاری کو قومی مزاج بنانا ہوگا
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے مشترکہ اجلاس سے گفتگو

معاشی بحران، دہشت گردی، انتہا پسندانہ رویے، قتل و غارت گری، مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی کمیابی، پٹرول، گیس، بجلی کے نرخوں میں اضافے اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے نجات کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ غیروں پر انحصار کی بجائے ملک کو اقتصادی گرداب سے نکالنے کیلئے ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جس سے ملک میں امن و امان قائم ہو اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار بنے۔ آخر کب تک قرض کی مے پی جاتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستا ن عوامی تحریک کے چیئرمیں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے مشترکہ اجلاس سے کینڈا سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت دماغ اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی تشویش ناک ہے اور اس کی روک تھام کیلئے انتہائی سوچ بچار کے بعد مربوط پالیسیاں بنانا ہوں گی تاکہ وطن عزیز آئے روز کے ایسے صدمات سے محفوظ ہو کر معاشی استحکام کا سفر شروع کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اغیار کی معاشی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے کفایت شعاری کو قومی مزاج بنانا ہوگا اور عیاشی کے کلچر کو فوری طور پر ختم کرنا ہوگا۔ غیر ضروری پر تعیش اخراجات سے وہ ملک بھی اجتناب کرتے ہیں جن کی معیشت بہت زیادہ مضبوط ہے۔ پاکستان جیسا ملک تو ایسی عیاشیوں کا قطعاً متحمل نہیں ہو سکتا جو عرصہ دراز سے جاری و ساری ہیں۔ اس لیے حکومتی سطح پر کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت گر رہی ہے جبکہ حیرت کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی پریشانی کا احساس کرتے ہوئے اوگرا کو فوری ہدایات جاری کرے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے اور اسے عالمی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے برابر لائے۔ سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں مرکزی امیر تحریک فیض الرحمٰن درانی، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، انوار اختر، جی ایم ملک، رانا فاروق محمود، جواد حامد، ساجد بھٹی، سمیرا رفاقت، امجد حسین جٹ، ڈاکٹر شاہد محمود و دیگر نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top