منہاج القرآن لندن سنٹر میں بچوں کی طرف سے بنائی گئی تصاویر کی نمائش

ثقافت سرحدوں سے بے نیاز اس خوشبو کا نام ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں اپنی خوشبو کا جادو جگاتی ہے، دنیاوی اقدار، رنگ و نسل اور مذہب کوئی بھی اس رشتہ کی راہ رکاوٹ نہیں بن سکتا، اس خوشبو کا حقیقی احساس 3 جنوری 2010 کو اس وقت ہوا جب برطانیہ کی معروف آرٹ گیلری ’’ 2 اسٹار‘‘ کی پر شکوہ عمارت میں ان مسلمان بچوں کی بنائی گئی تصاویر کی نمائش ہوئی جو لندن کے ادارہ منہاج القرآن کے مرکز میں ایک غیر مسلم معلم کے زیر تعلیم ہیں، سات سے بارہ سال کی عمروں کے یہ بچے سکول کے بعد دو گھنٹے کے لئے اپنی دینی تعلیم کے لئے مسجد میں آتے ہیں لیکن حسب معمول منہاج القرآن کے دنیا بھر میں مراکز کی طرح یہاں بھی دینی علوم کے ساتھ ساتھ دنیاوی علوم کی تعلیم بھی دی جاتی ہے، دنیا بھر میں بہت کم مثال ملتی ہے کہ مسجد کے اندر مسلمان طلباء کو غیر مسلم استاد تعلیم دے رہا ہو اور وہ بھی ’’ آرٹ‘‘ کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی برطانوی کیبنٹ وزیر سٹیفن ٹم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رنگ و نسل، مذہب و ثقافت اور اقدار کی یہ قابل تقلید مثال ہے جنہیں دیگر تنظیمات کو بھی اپنانا چاہئے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان ہم آہنگی اور یک جہتی پیدا ہو سکے۔ انہوں نے منہاج القرآن کی جانب سے نئی نسل کو علوم و فنون اور فن وثقافت سے آگاہی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرٹ کی معروف برطانوی استاد اور منتظم الیگرموشن اوون نے بتایا کہ وہ چند سال قبل اپنی اہلیت کے ثبوت لے کر مسلم و غیر مسلم سکولوں اور تنظیمات کے پاس گئی لیکن ماسوائے منہاج القرآن کے منتظمین کے مجھے کوئی بھی موقع فراہم کرنے کے لئے تیار نہ تھا لیکن آج ننھے منھے بچوں کی تصاویر کی نمائش جہاں میری محنت کا ثبوت ہے وہاں منہاج القرآن لندن کا مجھ پراعتماد اور ان بچوں کے والدین کی مکمل سپورٹ اور مدد بھی شامل ہے۔ آج وہ بڑے فخر سے کہہ سکتی ہیں کہ مسلمان کمیونٹی نے ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا اور کبھی بھی مختلف مذہب یا رنگ ہونے کو میرے کام میں رکاوٹ نہیں بنایا گیا بلکہ ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی۔

ادارہ منہاج القرآن لندن کے امام محمد صادق قریشی اور صدر اشتیاق احمد قادری نے تمام مہمانوں کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس ایونٹ کی روح رواں الیگرا اوون کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا الیگرا اوون ایک ذمہ دار استاد اور اپنے فن کی ماہر ہیں جنہوں نے ہمارے مرکز میں تعلیمی رحجان کو ایک نئی سمت دی۔

سبزہ زار کے پھول (Flowers of every meadow) اس تصویری نمائش کا موضوع ہے جسے 14ویں صدی کے مشہور فارسی شاعر حافظ شیرازی کے کلام سے اخذ کیا گیا ہے، تین سے بارہ فروری تک جاری رہنے والی نمائش کے افتتاحی پروگرام میں یورپی کمیشن کے کلچرل ڈپلومیسی آفیسر کے علاوہ سماجی، آرٹس، لوکل کونسلرز، میڈیا اور مختلف تنظیمات کے نمائندوں نے شرکت کی۔

رپورٹ: آفتاب بیگ (لندن) 3 جنوری 2010

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top