امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

آج امت کے زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے موثر کاوشیں نہیں ہو رہیں
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ یورپ کے دو ماہ کے دورے کے بعد پاکستان پہنچ گئے

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے۔ امت مسلمہ کا یہ زوال امت کے باہمی انتشار و افتراق کا شکار ہونے اور عالمی سطح پر صالح و باکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ ہے۔ وہ گزشتہ روز یورپ کے دو ماہ کے دورے کے بعد وطن واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر استقبال کے لیے آئے ہوئے تحریک کے قائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، عاقل ملک، جواد حامد اور دیگر قائدین نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا شاندار استقبال کیا۔ قائدین تحریک سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کے زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے موثر کاوشیں نہیں ہو رہیں اور امت بھی باہمی انتشار اور گروہ بندیوں کا شکار ہے۔ جس کی بناء پر مسلمانوں پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے الزامات لگانے کی جرات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام کو اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج باہمی فرقہ بندی، تفرقہ پر وری اور تنگ نظری سے بالاتر ہو کر امت کے اتحاد اور اتفاق کی کوشش کرنا موجودہ دور کی ضرورت بن چکا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top