ملکی استحکام، سلامتی اور امن کے لیے قومی مفادات کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مذہبی انتہا پسندی سے ملک بدنام ہو رہا ہے اور سیاستدانوں کی انتہاپسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہو رہاہے
تحریک منہاج القران کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

تحریک منہاج القران کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی خطر ناک ہے مذہبی انتہا پسندی سے ملک بدنام ہو رہا ہے اور سیاستدانوں کی انتہا پسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہو رہا ہے عوام بھوک اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کے حقوق کی کسی کو فکر نہیں اقتدار کے حصول کے لیے رسہ کشی ہو رہی ہے ان باتوں کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کر رہے تھے جبکہ شیخ زاہد فیاض، رانا محمد ادریس، سردار منصور خان، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، رانا فاروق محمود، رانا فیاض احمد خان، انوار اختر ایڈووکیٹ، سید فرحت حسین شاہ، ساجد محمود بھٹی، ارشاد طاہر، امجد حسین جٹ، ساجد گوندل، جواد حامد، ظہیر گجر، محمد حسین آزاد، مظہر حسین قادری، پروفیسر سلیم احمد چوہدری، ظفر اقبال طاہر، ماسٹر ضیاء الرحمن، ڈاکٹر شاہد محمود، جی ایم ملک بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مزید کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے اور عوام کے حقوق ادا کرنے کا فریضہ ہے مگر سیاسی انتہا پسندی نے عوام کے مسائل پس پشت ڈال دیے ہیں۔ سیاست آپس میں تشدد اور باہمی دشمنیوں کی نذر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتیں سیاسی آداب سے عاری ہو رہی ہیں جماعتی لوازمات سے کارکنان بیزاری کا طرز عمل اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس افراد کا ہجوم ہے نظم و ضبط کا فقدان ہے سیاسی اختلاف سیاست کا حسن ہوتے ہیں مگر اختلاف کی بنا پر مسلح جتھے اور ڈیتھ سکواڈ سے ایک دوسرے پر حملہ کرنا بیرونی طاقتوں کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے کا جواز پیش کرنے کے مترادف ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ سیاستدان ملک کے استحکام، سلامتی اور امن کے لیے ذاتی، جماعتی اور گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفادات کو ترجیح دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top