تحریک منہاج القرآن گڑھ موڑ ضلع جھنگ کے زیراہتمام سالانہ درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن گڑھ موڑ ضلع جھنگ کے زیراہتمام 14 اپریل 2012 کو سالانہ عظیم الشان درس عرفان القرآن ہوا۔ جس میں ڈائریکٹر تحریک منہاج القرآن جاپان علامہ محمد شکیل ثانی اور علامہ رضا قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس پروگرام میں علاقہ بھر سے مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علامہ نے حاجی غلام مرتضی انجم صدر احمد پور سیال، حاجی محمد طفیل، محمد مشتاق احمد، حاجی مقبول اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے سالانہ پروگرام میں دعوت دی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ علامہ محمد رضا قادری نے "درود مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی برکات" پر انتہائی مدلل اور جامع انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوئی بھی عمل کرتے ہیں وہ قبول بھی ہو سکتا ہے اور رد بھی ہو سکتا ہے لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر درود پڑھنے والا شخص جیسا بھی ہو لیکن اس کا یہ عمل ہے کبھی رد نہیں ہوتا ہے۔

 علامہ محمد شکیل ثانی کا نعروں کی گونج میں استقبال کیا گیا۔ انہوں نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر پرجوش انداز میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی مومن کی پہچان ہے جو جتنا محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کرتا ہو گا اتنا بڑا مومن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر محبت کا دعوی ہو اور عمل نہ ہو تو سمجھ لو کہ محبت جھوٹی ہے۔ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دعوی کرے تو نماز کی ادائیگی بھی ضرور کرے۔ نماز کے بغیر مومن اور کافر کا فرق نہیں رہتا۔ نماز ہی مومن اور کافر کی پہچان کرتی ہے۔ نماز ہی حسین علیہ السلام کی معراج تھی۔ کربلا کا نکتہ کمال ہی نماز ٹھہری۔

انہوں نے کہا کہ آج نعت خوانی کرنے والے اور واعظ کرنے والے بھی نماز کی پابندی کریں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی میں کبھی نماز قضا نہیں ہوئی لہذا کارکنوں کو بھی اپنے قائد کے اسوہ پر عمل کرنا چاہیے۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد شکیل ثانی نے تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ : حاجی غلام مرتضی انجم احمد پور سیال

تبصرہ

Top