حضرت علیؓ علم و حکمت کا عظیم سرچشمہ ہیں: پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری
حضرت علیؓ نے اپنے علم، تدبر اور کردار سے امت کی رہنمائی کی: چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (10 مارچ 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ امیرالمؤمنین حضرت علی کرم اللہ وجہہؑ کی ذات علم و حکمت کا عظیم سرچشمہ ہے۔ آپؑ کو بچپن سے ہی آقائے دوجہاں حضرت محمد ﷺ کی صحبت اور تربیت نصیب ہوئی، جس کے باعث آپؑ نے علمِ نبوت سے براہِ راست فیض پایا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’میں علم کا شہر ہوں اور علیؑ اس کا دروازہ ہیں‘‘، جو حضرت علیؑ کے بلند علمی مقام کی واضح دلیل ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضرت علیؓ علمِ قرآن، فقہ، قضاء اور حکمت میں یکتا مقام رکھتے تھے۔ صحابہ کرامؓ پیچیدہ مسائل میں آپؓ سے رہنمائی حاصل کرتے اور آپؓ اپنی بصیرت اور عدل کے ساتھ ان مسائل کا حل بیان فرماتے۔ آپؓ کے اقوال اور فیصلے علم، دانائی اور انصاف کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کرم اللہ وجہہ علم و حکمت کے عظیم سرچشمہ ہونے کے ساتھ ساتھ جرات و شجاعت کے بھی پیکر تھے۔ آپؓ نے اپنے علم، تدبر اور بے مثال کردار کے ذریعے امت مسلمہ کی رہنمائی فرمائی اور ہمیشہ حق و صداقت کا علم بلند رکھا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ حضرت علیؓ ظاہری اور باطنی دونوں حوالوں سے امت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ آپؓ ان جلیل القدر صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار میں شامل ہیں جن کی طہارت و پاکیزگی کا ذکر قرآن مجید میں واضح انداز میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ اور آپ کی آل پاک نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ تاریخ اسلام اس بات کی گواہ ہے کہ آپؓ کی جدوجہد، شجاعت اور علمی خدمات نے دین محمدی ﷺ کی ترویج و اشاعت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضرت علیؓ کی تعلیمات اور کردار رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے اور امت کو حق و صداقت کی راہ پر گامزن رکھنے میں مدد فراہم کرتے رہیں گے۔


















تبصرہ