رزق اور عمر میں برکت کےلیے صلہ رحمی کریں : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 13 مارچ 2026ء

آپ ؐاللہ اور دین اسلام کے بدترین دشمنوں سے بھی صلہ رحمی کرتے
حسد، تکبر اور ریاکاری اعمال کو برباد کرنے والے اعمال ہیں :بانی تحریک منہاج القرآن
"حضور نبی اکرم ؐ کے اخلاق کریمانہ‘‘ کے موضوع پر جاری روحانی مجالس کی تیسری نشست سے خطاب

Day:3 Dr Tahir ul Qadri Akhlaq e Nabawi Lecture MQI Secretariat Lahore 2026

>

لاہور (13 مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سیکرٹریٹ میں ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اخلاقی و روحانی تربیتی مجالس کی تیسری نشست سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ رزق اور عمر میں برکت کےلیے صلہ رحمی کریں۔ آپ ﷺ اللہ اور دین اسلام کے بدترین دشمنوں سے بھی صلہ رحمی کرتے۔ حسد، تکبر اور ریاکاری اعمال کو برباد کرنے والے اعمال ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ اور اخلاقی رہنمائی کا جامع سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے صبر، درگزر، محبت، خدمتِ خلق اور صلۂ رحمی کے اعلیٰ اصول سکھائے جنہیں اپنانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے رب اور نیک لوگوں کے ساتھ اخلاص اور وفاداری کا تعلق قائم رکھے۔ انہوں نے صلۂ رحمی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ داروں سے تعلق جوڑنا، ان کی ضرورت کے وقت مدد کرنا، بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے محبت کرنا اسلامی اخلاقیات کا بنیادی حصہ ہے۔ احادیثِ مبارکہ میں بھی صلۂ رحمی کو رزق میں وسعت اور عمر میں برکت کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انا، ریاکاری، حسد، تکبر اور دل کی سختی جیسے روحانی امراض انسان کی اخلاقی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان کا علاج حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت پر عمل، محاسبۂ نفس، عاجزی، ذکر و عبادت اور خدمتِ خلق میں پوشیدہ ہے۔ میاں بیوی کے درمیان محبت، احترام، صبر اور باہمی تعاون خوشگوار خاندانی زندگی کی بنیاد ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی تربیت محبت اور اعلیٰ اخلاق کے ساتھ کریں تاکہ معاشرہ ا من ،محبت اور خیر خواہی کا مرکز بن جائے۔

روحانی و تربیتی اجتماع کی تیسری نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور،ڈاکٹر رفیق نجم، جواد حامد، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، کرنل(ر) خالد جاوید، رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر علامہ میر آصف اکبر، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، علامہ اشفاق چشتی، شیخ فرحان عزیز، شہزاد رسول، اقبال حسین باجوہ سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما، علمائے کرام، مشائخ عظام اور خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top