شیخ الاسلام نے اسلام کے عالمی تشخص کے دفاع اور فکری اِستحکام کو نئی جہت دی ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

عوامی تاجر اتحاد اور شعبۂ پبلک ریلیشنز کے زیرِ اہتمام تاجر برادری اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ ڈنر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے تعلیمی، فکری اور فلاحی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا قیام 1980 میں عمل میں آیا اور آج یہ تحریک دنیا بھر میں تجدید و احیائے دین، فروغِ علم، بین المذاہب رواداری اور اصلاحِ معاشرہ کے مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے عالمی تشخص کے دفاع اور فکری استحکام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی علمی و فکری کاوشوں کے نتیجے میں نہ صرف دینی علوم میں نئی جہات پیدا ہوئیں بلکہ معاصر معاشی و سماجی مسائل کے حل کے لیے بھی مضبوط علمی بنیاد فراہم ہوئی۔ خصوصاً 1982-83 میں بلا سود معیشت کے حوالے سے پیش کیا گیا جامع فکری خاکہ آج اسلامی بینکاری کے ایک باقاعدہ تعلیمی اور تحقیقی شعبے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور ایک فکری و نظریاتی لیبارٹری کی حیثیت اختیار کر چکی ہے جہاں نوجوانوں کو محض تعلیم نہیں بلکہ عملی، تحقیقی اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ یونیورسٹی میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے خصوصی شعبہ جات قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں سے فارغ التحصیل طلبہ عالمی سطح پر اسلامی بینکاری اور مالیاتی اداروں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کے تحت مسلم-کرسچن، مسلم-ہندو اور مسلم-سکھ ڈائیلاگ فورمز کو باقاعدہ تعلیمی و فکری شعبہ جات کی شکل دی گئی ہے۔ اس فکری و عملی کاوش کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ تحریک سے وابستہ ماہرین اور اسکالرز مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور آنے والے برسوں میں تحریک منہاج القرآن سے وابستہ علمی و فکری ماہرین دنیا بھر میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منہاج یونیورسٹی دینی علوم کے ساتھ ساتھ فزکس، کمیسٹری، کمپیوٹر سائنس اور دیگر جدید علوم میں بھی نوجوانوں کی رہنمائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری کو منہاج القرآن کے فکری و تعلیمی مشن سے آگاہ کیا اور انہیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
تقریب میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد، حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول قادری، چودھری محمد راشد، راجہ زاہد محمود، رانا محمد شکیل، علی عمران، چودھری شبیر دیو، شیخ محمد عامر رفیع، عثمان رفیع، فاروق انور علوی، شہزاد احمد خان، محمد ثاقب بھٹی، سعید بن نعمان، احمد اخوان اعوان، محمد جنید وارثی، چودھری محمد آصف، سید جمیل شاہ، عابد بشیر قادری سمیت عوامی تاجر اتحاد اور دیگر تاجر ایسوسی ایشنز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔



























تبصرہ