حقیقی عالم وہی ہوتا ہے جو صاحبِ علم ہونے کے باوجود عجز و انکساری کا پیکر ہو: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ٹاؤن شپ لاہور کی اختتامی تقریب میں خصوصی شرکت و خطاب
ڈائریکٹر منہاج کالجز ونگ کمانڈر (ر) محمد غفار، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری و دیگر کی گفتگو

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں علم اور عالم کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں عزت و احترام کے ساتھ اہلِ علم کا ذکر فرمایا۔ جو اہلِ علم، اہلِ عدل و انصاف نہ ہوں، وہ اہلِ معلومات تو ہو سکتے ہیں، مگر اہلِ علم نہیں ہو سکتے۔ اہلِ علم کبھی بھی ناانصافی نہیں کر سکتا۔ سوشل میڈیا سے نشر ہونے والا علم منصف نہیں بلکہ ناانصافی کرنے والا بناتا ہے، کیونکہ سوشل میڈیا پر جیتنے کی اور آگے نکلنے کی جنگ اور ہوس جاری ہے، جب کہ علم کا اصل تعارف غلبہ نہیں بلکہ عاجزی ہے۔ چیٹ جی پی ٹی یا ادھر اُدھر سے علم چوری کر کے اور علمی سرقہ سے کام لینا علم کے ساتھ ناانصافی ہے۔ جو ناانصافی کرکے عالم بنا ہو، وہ علم کے ابلاغ میں کیا انصاف کرے گا؟ اور قرآن مجید نے دو ٹوک اعلان کر دیا کہ عالم کی نشانی اس کا عادل اور منصف ہونا ہے۔ انھوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ کو نصیحت کی کہ علم حاصل کرنا ہے تو سخت محنت اور بے مثال جدوجہد کریں، آسان راستے اختیار نہ کریں۔ علم کے ساتھ انصاف یہ ہے کہ جتنا سیکھیں، اس پر عمل کریں۔
ڈائریکٹر منہاج کالجز ونگ کمانڈر (ر) محمد غفار نے اس موقع پر استقبالیہ گفتگو کرتے ہوئے معزز مہمانانِ گرامی، اساتذہ، فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ مینیجنگ ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری اور راشد حمید کلیامی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
اختتامی تقریب میں مختلف کورسز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں اعزازی اسناد اور ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، کرنل (ر) خالد جاوید، میاں عبدالقادر، سید محمود الحسن جعفری، قاضی فیض الاسلام سمیت اساتذہ، طلبہ اور جملہ منتظمین نے خصوصی شرکت کی۔




































تبصرہ