منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’شہادتِ سیدنا عثمانِ غنیؓ کانفرنس‘‘ کا انعقاد
جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں ’’یومِ شہادتِ سیدنا عثمانِ غنیؓ‘‘ منایا جائے گا: منہاج القرآن علما کونسل
حضرت عثمانِ غنیؓ کی خدمات اسلام کی تاریخ کا سنہری باب ہیں: ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری
فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے محراب و منبر کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا: مفتی غلام اصغر صدیقی

لاہور (4 جون 2026) منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام ’’شہادتِ سیدنا عثمانِ غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس‘‘ جامعہ الحسین منہاج القرآن رضوان گارڈن لاہور میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت صدر منہاج القرآن علماء کونسل و نظام المدارس پاکستان علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان و ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری تھے۔ کانفرنس میں علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ محمد رفیق قادری رندھاوا، علامہ محمد اقبال طاہری، علامہ محمد عابد علی نعیمی، علامہ حکیم جمیل احمد قادری، علامہ محمد ابوبکر قادری، علامہ محمد اعجاز قادری سمیت علماء و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمانِ غنی ؓ اسلام کے ان عظیم المرتبت نفوس میں سے ہیں جن کی زندگی ایثار، سخاوت، حیا، تقویٰ اور عشقِ رسول ﷺ کی عملی تصویر ہے۔ آپؓ نے اسلام کے ابتدائی دور میں دعوتِ حق قبول کی اور سخاوت، دیانت داری اور بہترین اخلاق کے باعث اہلِ مکہ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ حضرت عثمانِ غنیؓ کو ’’ذوالنورین‘‘ کا منفرد اعزاز حاصل ہے کیونکہ حضور نبی اکرم ﷺ کی دو صاحبزادیوں کے ساتھ آپؓ کا نکاح ہوا۔ رسول اکرم ﷺ نے آپؓ کے مقام و مرتبہ کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’کیا میں اس شخص سے حیا نہ کروں جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں۔‘‘ آپؓ نے غزوۂ تبوک سمیت متعدد مواقع پر بے مثال سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مال و دولت اسلام کی سربلندی کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمانِ غنیؓ کا دورِ خلافت صبر، حکمت، عدل اور خدمتِ دین کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمانِ غنیؓ کی زندگی امت مسلمہ کو حیا، سخاوت، صبر، اتحاد اور قرآنِ مجید سے وابستگی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں منہاج القرآن علماء کونسل اور نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام ’’یومِ شہادتِ سیدنا عثمانِ غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ‘‘ منایا جائے گا۔
کانفرنس کے اختتام پر علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فرقہ واریت، انتہاپسندی، دہشت گردی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے محراب و منبر کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا اور صحابۂ کرامؓ، اہلِ بیت اطہارؓ اور تمام مقدساتِ اسلام کے احترام کے فروغ کے ذریعے امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنایا جائے گا۔


















تبصرہ