کامیابی کا راستہ اللہ کی اطاعت، تقویٰ اور اخلاص میں ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامع مسجد تویاما کین، جاپان میں منعقدہ تربیتی نشست سے خصوصی خطاب

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع مسجد تویاما کین میں منعقدہ پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے روحانی، اخلاقی اور فکری چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مسلمان اللہ تعالیٰ کی طرف حقیقی رجوع کریں۔ آج کا انسان مادی ترقی کے باوجود روحانی طور پر اضطراب اور بے سکونی کا شکار ہے۔ ٹیکنالوجی کی فراوانی اور سہولیات کی کثرت کے باوجود دلوں میں اطمینان نہیں کیونکہ حقیقی سکون اور قلبی طمانیت صرف اللہ تعالیٰ کی یاد اور اس سے مضبوط تعلق میں پوشیدہ ہے۔ قرآن مجید کی تعلیمات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ کامیابی کا راستہ اللہ کی اطاعت، تقویٰ اور اخلاص سے ہو کر گزرتا ہے۔
انہوں نے ’’رجوع الی اللہ‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض زبانی دعویٰ نہیں بلکہ یہ ایک عملی اور ہمہ جہت تبدیلی کا نام ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے باطن کی اصلاح کرے، نیتوں کو خالص کرے اور اپنی زندگی کے ہر شعبے کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالے۔ جب تک فرد اپنے اندر تقویٰ، دیانت، صبر، شکر اور حسنِ اخلاق پیدا نہیں کرتا تب تک معاشرہ بھی حقیقی معنوں میں اصلاح نہیں پا سکتا۔ موجودہ دور میں مسلمانوں کو علم و عمل کی یکجائی کی ضرورت ہے۔ صرف علم کافی نہیں اور نہ ہی صرف جذباتی وابستگی؛ بلکہ علم کو عمل میں ڈھالنا اور دین کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ نوجوان نسل خود کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی شعور کو بھی مضبوط کرے اور اپنی شناخت کو اسلامی اقدار کے ساتھ وابستہ رکھے۔
انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ اسلام محض عبادات کا نام نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت، عدل و احسان اور معاشرتی ذمہ داری کا جامع نظام ہے۔ ایک سچا مسلمان وہ ہے جو اپنے کردار، معاملات اور اخلاق سے معاشرے میں خیر اور آسانی کا ذریعہ بنے۔ فرد اور معاشرے کی حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق، علم و عمل کی ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے میں مضمر ہے۔
پروگرام میں میاں علی عمران سرپرست منہاج ایشین کونسل، فیصل حسین مینیجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان، ملک ممتاز، خواجہ عمر، میاں محمد واثق، طیب شیرازی، معاذ اعجاز، رفاقت خان، ندیم خان سمیت مقامی کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
























تبصرہ